وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں ملک کا امن تباہ نہ ہونے دیا جائے، حکومت کا سانحہ کے بعد سے تاحال رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ رہا ہے۔اجلاس کے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اہل سنت ہمارے بھائی ہیں، ان کے مقدسات کا احترام ہم پر واجب ہے۔ معاشرے میں افتراق کو ہم قرآنی تعلیمات کے خلاف سمجھتے ہیں۔ تیسرا ہاتھ سنی شیعہ کو لڑانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں سمیت کسی بھی عبادت گاہ اور مقدسات کی بے حرمتی جائز نہیں، علمائے کرام نے اس ملک کا امن تہہ و بالا کرنے کی سازش کو بہترین انداز میں ناکام بنایا۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی گھیراو جلاواور نقص امن کی اجازت نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو بعض بیرونی عناصر کی سازش کے تحت آگ و خون میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، جسے ہم سب کو مسلکی فریق سے بالاتر ہوکر ناکام بنانا ہوگا۔