وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے علمدار روڈ میں ہونے والے چوری کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دن دہاڑے پیش آنے والے یہ واقعات علاقے کی پولیس اور دیگر اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، اسکے ساتھ ساتھ یہ علاقے میں خوف و حراس پھیلانے کی ایک سازش کا حصہ ہے اس وقت ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ عوام بھائی چارے اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنائے اور ایک دوسرے کا ساتھ دے۔ جرائم پیشہ افراد ملک و قوم کی پستی اور بدنامی کا سبب ہے۔ دوسرے ممالک میں ان چند لوگوں کی وجہ سے پورے ملک کو برا سمجھا جاتا ہے۔ ایک مہذب معاشرے میں بد امنی اور لوٹ ماری ہرگز قبول نہیں کیا جاسکتا، اگر کوئی غربت کے ہاتھوں مجبور بھی ہو تو اسکا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وہ دوسروں کا حق کھائے اور حکم خدا کی خلاف ورزی کرے۔ ان واقعات میں ملوث افراد کو آئین اور قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان واقعات کی تحقیقات کرے، دکانوں کو لوٹنے کے بعد فرار ہونے والے افراد کی تلاش شروع کرے اور مجرمان کو پکڑ کر انہیں ان کے انجام حقیقی تک پہنچائے۔ہاتھ پر ہاتھ ڈھیرے رہنے سے مزید دکانیں لوٹے جاسکتے ہیں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس اہلکاروں کی ذمہ داری ہے۔ عوام پولیس پر اعتماد رکھتی ہے تو پولیس کو بھی چاہئے کہ انکے اعتماد پر پورا اترے اور انکی مدد کرے۔ بیان کے آخر میں چوری کے واقعات میں جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کیلئے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس بات کی امید کی جاتی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ان چوروں کو اپنے شکنجے میں لیں گے اور لوٹا گیا مال ان کے اصل مالکان کو واپس کر دیا جائے گا۔