وحدت نیوز( تحصیل گنداخہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی تحصیل گنداخہ کے تنظیمی دورے پر گنداخہ پہنچے تو مولانا عبدالحق بلوچ اور محمد علی جمالی کی قیادت میں تنظیمی کارکنوں اور معززین نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقعہ پر گنداخہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں سے نمٹنے کے لئے مذہبی جنونی دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جبکہ کالعدم فرقہ پرست تنظیموں کو مصنوعی طریقے سے طاقتور کیا گیا۔ یہ رویہ بلوچستان اور اس کے عوام کے لئے المیہ سے کم نہیں ۔ عوام اس بات پر حیران ہیں کہ بزرگ قوم پرست لیڈر کی نماز جنازہ ، فرقہ وارانہ نفرتوں کے علمبردارفرد نے کیسے پڑھائی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مہینے میں شیعہ سنی مسلمان مل کر نواسہ ء رسول ﷺ امام حسین عالیمقام ؑ کا غم مناتے ہیں، جلوسہائے عزاداری اور مجالس عزا کی سیکورٹی کے سلسلے میں حکومت کو فول پروف انتظامات کرنے چاہئیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن اور وحدت اسکاؤٹس قیام امن کے سلسلے میں حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ماہ محرم کے سلسلے میں صوبائی و ضلعی سطح پرعزاداری سیل تشکیل دے دیئے ہیں۔ صوبائی عزاداری سیل سید ظفر عباس شمسی، مولانا برکت علی مطہری، آغا سہیل ، مولانا عبدالحق بلوچ و دیگر پر مشتمل ہو گی۔ جبکہ ہر ضلع اور ڈویژن کے لئے علیحدہ عزاداری سیل ہوں گے، سید عبدالقادر شاہ ، سید نیاز شاہ، غلام حسین شیخ اورمولانا محمد علی جمالی نصیر آباد ڈویژن کے مسؤل ہوں گے۔