وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے نمازعید الاضحیٰ کے موقع پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقعہ پر ہم شہدائے راہ خدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،جنہوں نے دین اسلام اور حسینیت کی راہ میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے قاتل ، مجرم، ا نتقام الٰہی سے نہیں بچ سکتے ، مظلوموں کی آہیں عرش الٰہی تک جا پہنچی ہیں اور اب دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ بہ یک وقت ملت کو بہت اچھی خبریں مل رہی ہیں ، آپریشن ضرب عضب ، کے ساتھ ساتھ اداروں کی بدلتی سوچ کو مثبت سمجھتے ہیں۔کمانڈرساؤدرن کمانڈ کی مزار شہداء پر حاضری اور زخمیوں کی عیادت کو مثبت رویہ سمجھتے ہوئے ملت جعفریہ اورملک بھر کے عوام دہشت گردوں کے خلااف ملک گیر آپریشن کے متمنی ہیں۔ شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے کے لئے عالمی سامراج نے اربوں ڈالر اور ریال خرچ کئے اب وہ سامراجی سرمایہ ڈوب رہا ہے۔ ناصر ملت قائد وحدت نے ملت کو خاموش تماشائی بنانے کی بجائے میدان عمل میں اتارا اور حالات کا رخ بدلا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حقیقی عید تب ہوگی جب مہدی دوراں ﷺ کا ظہور ہو، اور ہم ان کی امامت میں نماز ادا کریں۔ ان کے زمانہ غیبت میں نائب امام ،حضرت آیۃ اللہ خامنہ ای کے ادنیٰ سپاہی کہلانے پر فخر ہے۔ زمینی فاصلے رہبر سے عشق و محبت و اطاعت میں حائل نہیں ہوسکتے۔