وحدت نیوز(سکردو) اسکردو میں منعقدہ امریکہ مردہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امریکہ نے مسلمانوں کو بالعموم اور پاکستان کے لیے بالخصوص اپنا چہرہ واضح کردیا، انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہود و نصاریٰ کبھی بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے۔ پاکستانی قوم اور پاکستانی افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہیں، لہٰذا عالمی دہشتگرد امریکہ پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اسکردو میں ’’امریکہ مردہ باد ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملک گیر’’یوم مردہ باد امریکہ ‘‘ کا اعلان کیا تھا۔ اسی سلسلے میں اسکردو میں ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سربراہ آغا علی رضوی کی قیادت میں منعقد ہوا۔ ریلی شرکاء کے امریکہ مخالف نعروں سے اسکردو شہر گونجتا رہا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ القاعدہ، داعش، طالبان اور اسامہ بن لادن جیسے دہشتگردوں کی سرپرستی امریکہ ہی کرتا رہا ہے، امریکہ ہی ان دہشگردوں کو اسلحہ دیتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ راولپنڈی 2013ء کے بارے میں آئی ایس پی آر کے حالیہ انکشافات سے واضح ہوا ہے کہ یہاں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں بلکہ ایک دہشت گرد گروہ ہے، جو اپنے بیرونی آقاوؤں کے اشاروں پر ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم اسکردو کے سیکرٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے دشمنوں کے خلاف متحد ہیں۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے، پاکستان خطے کا طاقتور ملک ہے جسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حفیظ اور ناشاد اسکردو روڈ اور دیگر مسائل پر مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ اسکردو روڈ کی تعمیر کے حوالے سے تاریخ پر تاریخ دینے کے باوجود اب تک کام شروع نہیں ہوا۔ ان جھوٹے اعلانات پر وزیراعلٰی اور سپیکر کو نااہل قرار دینا چاہیے۔ اس موقع پر ریلی سے شیخ الیاس، آئی ایس او کے صدر اطہر موسوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔