وحدت نیوز(گلگت) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے صوبائی وزیر برائے زراعت میثم کاظم نے ملاقات کی۔پبلک ریلیشنز آفس کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی وتخلیقی سرگرمیوں سمیت تعمیراتی امور سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر کاظم میثم نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی وزیر نے وائس چانسلر سے ملاقات کے دوران کہاکہ سکردو حلقہ دو کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ وہاں قراقرم یونیورسٹی کاوومن سب کیمپس قائم کیاجائے۔کیونکہ طالبات کی بڑی تعدا د یونیورسٹی کیمپس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جاتی ہیں۔
صوبائی وزیر نے سکردو میں قراقر م یونیورسٹی سب آفس کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے گمبہ سکردو میں قراقرم یونیورسٹی کیمپس کے قیام پر اتفاق کرتے ہوئے اس کی فزیبلٹی رپورٹ کے لیے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سجاد علی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔جس میں ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمن شاہداحمد شگری اور لیکچرار محمد رضا شامل ہیں۔
یہ کمیٹی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرکے وائس چانسلر کو پیش کرئے گی۔تاکہ سب کیمپس کے فیز IIمیں شامل کیاجاسکے۔وائس چانسلر نے سکردو سب آفس کو وہاں کے طلبہ وطالبات کی سہولت کے لیے برقرار رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔