اسلام آباد (وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ریاست آزاد و جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی نے کہا ہے کہ برصغیر پاک و ہند کے اہم ترین تنازعہ مسلہ کشمیر کا حل سہ فریقی مذاکرات کے بغیر ممکن نہیں، تنازعہ کشمیر کے اصل فریق کشمیر کی قیادت کو مذاکرات میں شامل کئے بغیر علاقے میں پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ وہ شہید قائد علامہ عارف حسین حسینی کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ دفاع وطن کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کی مقبوضہ وادی میں لاشیں گرا رہا ہے اورحکمران اس سے آلو پیاز کی تجارت کر رہے ہیں اور اسے موسٹ فیورٹ ملک قرار دیا جا رہا ہے۔ علامہ تصورجوادی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے بھی گلگت بلتستان کی طرح خو اپنی صوابدید کے تحت پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، حکونت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ بائی چوائس پاکستانیوں کو ان کے حقوق دے۔
علامہ تصور جوادی نے کہا کہ کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگین کرنیوالوں کے سارھ تجارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جدوجہد آزادی کشمیر کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، وہاں شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں اور انہیں آپس میں لڑانے کیلئے فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچیس برس قبل سرزمین پاکستان پر گونجنے والی شہید قائد حسینی کی آواز کی بازگشت آج بھی وادی کشمیر میں سنائی دے رہی ہے، انشاء اللہ وادی کشمیر کے مکین اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے منافرت پھیلانے والی ہنود کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔