وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی ریاستی کابینہ کا اجلاس،چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر شیعہ مسنگ پرسنز ، ناصر عباس شیرازی کا اغوا اور علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی پر حملہ کرنے والے مجرمان کی عدم گرفتاری و حکومت آزادکشمیر کی علامہ تصور نقوی کیس پر عدم توجہی کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ،ترجمان مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر مولانا سید حمید حسین نقوی نے میڈیا کو جاری تفصیلات میں بتایا کہ فیصلہ کیا گیا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ آزاد کشمیر بھر کے جلوسوں میں مذمتی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔ خطباء حضرات اپنے خطابات کے دوران وفاقی، پنجاب اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کے ملت تشیع کے ساتھ ناروا سلوک کو عیاں کریں گے۔
مولانا حمید نقوی نے کہا کہ چہلم کے بعد حکومتی ایوانوں کے گھراوکی تحریک ہو یا کوئی بھی کال مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر مرکز کی جانب سے ملنے والی ہر کال پر تاریخی احتجاج ریکارڈ کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سید ناصر عباس شیرازی سمیت تمام شیعہ لاپتہ جوانوں کی جبری گمشدگیوں کا از خود نوٹس لیں اور آزاد کشمیر حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لے۔ ورنہ ملت جعفریہ تمہارے ایوانوں کا گھیراؤ کرنے اور ہر راست قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔