وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری ہونیوالے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے قبلہ اول کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے اور وہاں امریکی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان شرپسندی ہے جس کے خلاف مسلمانان ریاست آزادجموں و کشمیر میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔اور پوری ریاست ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا پایہ تخت قرار دینا امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ امریکی صدر کا اسلام دشمن متعصبانہ رویہ عالمی امن کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔امریکی صدر نے امت مسلمہ کے وقار پر حملہ کیا ہے۔اس پر خاموش رہنا امت مسلمہ کی توہین ہے۔ عالمی قوانین کی اس پامالی پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں، طلبا تنظیموں اور ریاستی اداروں کو اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔مسلمان ہونے کے ناطے بیت المقدس سے ہم سب کا مذہبی تعلق جڑا ہوا ہے۔امریکہ اپنی ناجائز اولاد اسرائیل کا ہمیشہ دفاع کرتا آیا ہے۔ اس حمایت کی بنیاد اسلام دشمنی کے علاوہ اور کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ کی اسلام دشمن پالیسیوں میں اسے عرب مسلم ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے جو افسوسناک ہے۔عالم اسلام کی تنزلی عرب حکمرانوں کی خیانت کا نتیجہ ہے۔مظلوم فلسطینیوں اور بیت المقدس کے حوالے سے پاکستان کو واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے۔