وحدت نیوز(گوڑی سیداں) سیدہ زھرہ ؑ کو یاد کرنے کا مقصد ان کی سیرت کو اپنے لیئے رول ماڈل قرار دینا ہے ، تمام مسلمانوں کے لیئے آئمہ ہدیٰ رول ماڈل ہیں لیکن کیا فضیلت فاطمہ ؑ ہے کہ آئمہ کہتے ہیں کہ ہمارے لیئے لیئے رول ماڈل شہزادی کونین ہیں، زھرا وہ ہستی ہیں کہ پیغمبر ختمی مرتبتؐ جن کے احترام کے لیئے خود کھڑے ہوجایا کرتے تھے، اور وہاں بٹھاتے تھے جہاں خود بیٹھا کرتے تھے، زھراؑ وہ ہستی ہیں کہ گھرمیں خادمہ ہونے کے باوجود ایک دن کا کام خود کرتیں تھیں اور ایک دن خادمہ سے کرواتی تھیں، زہراؑ وہ ہیں جو رحمت اللعالمین ؐ کے لیئے رحمت بن کر آئیں، کل ایمان کے نصف ایمان بن کر آئیں اور جوانان جنت کے لیئے ماں بن کر آئیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری جنرل علامہ تصور جوادی نے گوڑی سیداں میں مجلس شہادت جناب سیدہ زہرا سلام اللہ علیہاسے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔
علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ فضیلت زہراؑ لفظوں میں بیان کرنا ناممکن ہے، کیا فضیلت بیان کی جا سکے گی کہ جن کے استقبال کے لیئے خود رسول ؐ آگے بڑھ کر آیا کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ زہراؑ کے بیٹے ؑ نے تربیت زہراؑ سے یہ درس مسلمانان جہان کو تحفے میں دیا ہے کہ ظالم چاہے جو بھی ہو، جیسا بھی ہو، جتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اس کے سامنے اپنے حقوق کے لیئے ، ملت کے لیئے، دین کے لیئے، اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر آواز بلند کرنا فرض ہے، ظالم کا پیچھا اس وقت تک کیا جانا چاہیے کہ جب تک وہ اپنے انجام کو پہنچ جائے، اس کا ایوان لرز نہ جائے، اس کا ٹھکانہ نیست و نابود نہ جائے، آج وقت کا طاغوت عوام کا خون بہا رہا ہے، بے گناہ عوام کو جہاں چاہے ، جیسے چاہے کی بنیاد پر بے بانگ دہل ذمہ داریاں قبول کرتے ہوئے قتل عام کر رہا،اسلامی ریاست کے نام نہاد حکمران انہیں کھلی چھوٹ دیئے ہوئے ہیں، انہیں مضبوط ہونے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، مذاکرات کو مذاق رات بنا کر ، ڈرامہ بنا کر ، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ، ڈالر اور ریال کی لالچ میں دوست اسلامی ملک میں نہتے عوام کے قتل عام کے لیئے بھیج رہا ہے ، ہم نے کل بھی ظالم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت میں آواز بلند کی تھی ، آج بھی کر رہے ہیں، اور تب تک کرتے رہیں گے جب تک حکمران عوام کے خون کا سودا ترک نہ کردیں، ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ظالمان کے خلاف سینہ سپر نہ ہو جائیں، اور پاک سر زمین کو دہشتگردوں سے پاک نہ کر دیں۔