وحدت نیوز(مظفرآباد) بجلی بم حکومت کا نیا تحفہ ہے، کراچی کی طرح آزادکشمیر کو بھی بجلی کے فی یونٹ اضافے سے استثناء دیا جائے۔حکومت نے بجلی کی قیمت بڑھا کر عوام کے ساتھ ظلم عظیم کیا ہے، کیا حکومت عوام کا تحفظ اور خدمت کر رہی ہے یا عوام کو مارنے کے درپے ہے ۔ڈالر کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کے باوجود اسکا فائدہ عوام کو نہیں پہنچ رہا۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور ہماری حکومت اس کو بڑھاوا دے رہی ہے، عوام جو کہ پہلے ہی کرپشن ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی شکار ہے ، مہنگائی رہی سہی کسر بھی نکال دے گی، ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین ریاست آزاد کشمیر کے رہنما سجاد حسین سبزواری نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت کو مدبرانہ فیصلے کرنے چاہیں نہ کہ بچگانہ، حکومت عوام کا خیال کرے، اگر بجلی بلات کی ادائیگی نہ کرنے والے ادائیگیاں نہیں کر رہے، تو حکمت عملی طے کرنی چاہیے نہ کہ اس کا بوجھ بھی بلات ادا کرنے والی غریب عوام پر ڈال دینا چاہیے، سجاد حسین سبزواری نے کہا کہ آٹا ، دال ، چاول وغیرہ کی قیمتوں کا انحصار تیل کی قیمتوں پر ہوتا ہے،دو وقت کی روٹی مشکل سے میسر کرنے والے مہنگائی میں کیا کریں گے، حکومت کو عوام کے لیئے ریلیف دینا چاہیے نہ کہ ان کو ختم کرنے کے اقدامات، ملک میں جاری دہشتگردی کو قابو رکرنا چاہیے نہ کہ عوام کو ، مجلس وحدت مسلمین اس کی بھرپور انداز میں مذمت کرتی ہے،اور ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے،وہ حکومتیں جو عوام کا خیال نہیں رکھتیں وہ زیادہ دیر ایوان اقتدار میں بھی نہیں رہ سکتیں، عوام کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو عوام انہیں ایوان سے نکال باہر کرے گی، ہمیں سڑکوں پر نہ لایا جائے ، معاملات کو دیکھا جائے، جلد از جلد صورتحال پر غور کیا جائے، اور جاری شدہ نوٹفیکیشن واپس لیا جائے۔