وحدت نیوز(بیروت) عالم اسلام کی ممتاز مذہبی شخصیت ،علمائے مقاومت اسلامی اتحاد کے سربراہ مفتی الشیخ ماہر حمود سے مرکزی سیکرٹری شعبہ امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ملاقات کی۔ لبنانی شہر صیدا میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ عالمی حالات ، اسلامو فوبیا اور علماء کے کردار کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے مسلمانوں کے آپس میں بھائی چارے کے فروغ پر اتفاق کیا۔
ڈاکٹر شیرازی نے بین المذاہب ہم آہنگی اور شیعہ سنی اتحاد و وحدت کے لئے پاکستان میں اپنی جماعت کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کردار اور دینی و ملی خدمات کا تعارف کروایا اورمفتی صاحب نے اس بات کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کے مذہبی رجحان اور دینی لگاؤ کی تعریف کی اور ساتھ ساتھ خطے میں پاکستان کی اہمیت و کلیدی کردار پرگفتگو کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں آئندہ اس سلسلہ کو جاری رکھنے اور باہمی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔