وحدت نیوز(لاہور) قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا قائد اعظم نے مایوس قوم کو ایسی قیادت مہیا کی جو ولولہ انگیز پرجوش اور مخلص تھی ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی دنیا معترف تھی اس عظیم رہنما نے براعظم کا جغرافیہ بدلا اور ہمیں پاکستان جیسا ملک عطا کیا انہوں نے کہا محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا، جہاں تمام مسلمان اور دیگر اقلیتیں مذہبی آزادی اور تمام تر شہری حقوق کے حصول میں دشواری محسوس نہ کریں قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر پاکستان ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ بد قسمتی ہے کہ اس کے حکمران طبقے نے قائداعظم کے فرمودات اور ان کے رہنما اصولوں کو یکسر فراموش کر دیا جسکی وجہ سے ملک کو آج تاریخ کےبدترین حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وطن عزیز نہ صرف معاشی بلکہ سیاسی اور ثقافتی اعتبار سے بھی دن بدن تنزلی کا شکار ہوتا جا رہا ہے وقت کی اہم ضرورت ہے کہ حکمران اور عوام اپنے محسن کے بے مثال فرمودات کو اپنائیں اور ان کی روح سے تجدید عہد کریں کہ ان کےنظریات و افکار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔