وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے شعبہ فلاح و بہبود نے بلتستان میں موجود 381 مستحق یتیموں میں 20 لاکھ روپے سے زائد رقوم کے سکالرشپ کا اجراء کیا۔ مالی طور پر کمزور اور مستحق یتیموں میں رقوم کی تقسیم کا مقصد ان کی کفالت کرنا، تعلیمی اور دیگر اخراجات کو پورا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ فلاح و بہبود خیرالعمل فاونڈیشن نے پورے ملک میں مستحق طالب علموں کی کفالت کے سلسلے میں ایک پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے، یہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے ہر تین ماہ بعد مالی طور پر کمزرو مستحق طلبہ کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم ڈبلیو ایم ابتک چھ قسطیں اسی مد میں ایتام کے لئے تقسیم کرچکی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے شعبہ فلاح و بہبود کے مسئول نے وحدت نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم بلتستان ڈویژن بلتستان میں تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کے میدان میں سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں بلتستان کے حوالے سے جامع منصوبہ رکھتی ہے، جس پر بتدریج کام کیا جا رہا ہے۔