وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کےشعبہ فلاح وبہبودالمجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام،ضلع لاہور کے تعاون اورجعفریہ کالونی یونٹ کے برادران کی بھر پور کاوشوں سے ضلع لاہور میں رمضان المبارک کے مہینہ میں راشن تقسیم کا انتظام کیا گیا۔ماہ مبارک رمضان میں ہرسال کی طرح امسال بھی ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور کے خصوصی تعاون اور جعفریہ کالونی یونٹ کے دوستوں کی بھرپور شبانہ روز محنت سے صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود جناب شیخ عمران علی کی زیر نگرانی لاہور میں خصوصی رمضان راشن تقسیم کیا گیا ۔
راشن کی تقسیم کا مقصد مہنگائی کےدور میں سب کو سحر وافطار میں شامل کرنا ہے۔ راشن کی تقسیم کےموقعہ پر صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود کا کہنا تھاکہ ہر سال ماہِ مقدس رمضان المبارک کی آمد پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ جاتی ہیں ، جن پر حکومت بھی اگر کوئی ریلیف دے تو پھر بھی یہ عام حالات سے مہنگی ہی رہتی ہیں۔ افسوس کہ امسال بھی ایسا ہی دیکھنے میں آیا ہے اورخود ساختہ اضافے کے باعث انتہائی بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتیں یکدم آسمان کو چھونے لگی ہیں، سبزیوں کے دام بڑھا دیے گئے جبکہ پھلوں کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا۔
دنیا بھر کے مہذب ممالک میں ان خصوصی دنوں اور تہواروں کے موقع پر اشیائے ضرور یہ کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہے جب کہ وطنِ عزیز میں الٹی گنگابہتی ہے۔ ہر سال ہی رمضان المبارک میں گرانی اپنے عروج پر پہنچی ہوتی ہے۔ دودھ، آٹا، گھی، تیل،سبزیاں وغیرہ سب مہنگے ہو جاتے ہیں اور پھل تو غریبوں کے لیے شجر ممنوعہ اس لیے ہو جاتے ہیں کہ وہ ان کی خریداری کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
ان حالات کو دیکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کےصوبائی شعبہ فلاح وبہبود نے اضلاع کے تعاون اور یونٹس کی کاوشوں سے ماہ رمضان میں راشن کی تقسیم کا بندوبست کیا ہے ۔ تاکہ غریب عوام کو کچھ نہ کچھ کہیں سے ریلیف مل سکے ۔ ہم ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہورجعفریہ کالونی یونٹ کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں ماہ مبارک کے پہلے عشرے میں یہ سعادت نصیب کی اور اس کار خیر میں ہم سب کو شریک کیا ۔ اللہ تعالی ان دوستوں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے ۔ آمین ۔