وحدت یوتھ ونگ لاہور کے زیر اہتمام ایک شب آخر زمان علیہ السلام کے نام کا انعقاد

16 اپریل 2023

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، وحدت یوتھ ونگ لاہور ڈویژن کی جانب سے ایک باعظمت شب بیداری "ایک شب آخر زمان علیہ السلام کے نام" کے عنوان سے ایم ڈبلیو ایم سیکریٹریٹ شادمان لاہور میں منعقد کی گئی، شب بیداری کے پروگرام میں وحدت یوتھ ونگ کےجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شب بیداری کا پروگرام بہت ہی عمدہ ترتیب دیا گیا تھا ، دستاویزی فلم، تقاریر اورخطابات کے ساتھ ساتھ عمدہ طعام کیساتھ شرکاء کی مہمان نوازی کی گئی۔ نماز مغربین باجماعت ادا کی گئی ، اس کے بعد افطار اور ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا ، شب بیداری کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن کریم سے را ت  ساڑھے آٹھ بجے شب ہواپہلے سیشن میں تلاوت قرآن کے بعدمنقبت خوانی کی گئی۔ جناب حجۃالاسلام والمسلمین علامہ راجہ مصطفیٰ حیدر جعفری نے جوانوں سے خطاب فرمایا ۔

رات دس بجے مختصر وقفے کے بعد دوسرے سیشن کا آغاز ہوا جو رات بارہ بجے تک تسلسل کے ساتھ جاری رہا ۔ جس میں منقبت خوانی کے علاوہ تقریب حلف برداری اور بہترین مذہبی اسکالر جنا ب برادر وجاہت علی مرزا نے خطاب کیا جسے حاضرین نے بہت سراہا ۔ رات بارہ بجے دوسرے وقفے کے بعد دوبارہ تیسرے سیشن کا آغازرات ساڑھے بارہ ہوا جو رات ساڑھے تین بجے تک جاری رہا جس میں وحدت یوتھ کے برادر جناب سید سجاد نقوی ، جناب مولانا تصور علی ،برادر جناب زین عباس اوردیگران نے خطاب کیا اور وحدت یوتھ کے برادران سے حلف لیا گیا ۔

شب بیداری کے آخری خطیب جناب حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر محمد یونس حیدری تھے جو اسلام آباد سے صرف اس پروگرام کے لئے تشریف لائے تھے ۔ ڈاکٹر محمد یونس حیدری نے بہت ہی عمدہ گفتگو فرمائی اور کہا کہ اگر انسان اللہ تعالیٰ،نبی پاک ﷺ اورآئمہ طاہرین ؑ سے تعلق قائم کر لے اور اپنی زندگی کا مقصد بنالے تو اس کی دنیا اور آخرت بھی سنور جائے گی ۔ انسان اسی زمانے میں رہتے ہوئے شہدائے کربلا کا مقام حاصل کر سکتا ہے ۔ اس کے لئے خالص نیت اور خالص عمل کی ضرورت ہے ۔ خالص نیت کے بغیر عمل بے سود ہے ۔ جتنی نیت خالص اور اعلی ہو گی اتنا عمل بھی انسان کا مقبول ہوگا ۔ہم زیارت میں ایک جملہ پڑھتے ہیں ’’یا لَیتَنی کنتُ مَعَکم فَأفُوزَ فَوزا عَظیماً ہم زیارات میں پڑھتے ہیں (اے کاش! ہم آپ کے ساتھ ہوتے تو کامیاب ہوجاتے) خالص نیت اور تواتر عمل سےآئمہ ؑ فرماتے ہیں کہ پڑھنے والے شخص کا شمار شہدائے امام عالی مقام ؑ میں ہو گا ۔

ڈاکٹر محمد یونس حیدر ی نے آیات الہی ،احادیث مبارکہ اور آئمہ علیہم السلام کی روایات کی روشنی میں بہت ہی عمدہ گفتگو فرمائی جسے تمام جوانوں نے بہت سراہا ۔ خطاب کے آخر میں سوال وجواب کا سیشن رکھا گیا تھا۔ وقت کی کمی کے باعث ڈاکومنٹری اور دعائے توسل کے سیشن کو کینسل کرنا پڑا ۔رات ساڑھےتین بجے تمام حاضرین کو سحری کرائی گئی ۔نماز صبح باجماعت ادائیگی کے بعد شب بیداری کا اختتام ہوا ۔ شرکاءنے شب بیداری کے پروگرام کو بہت سراہا اور اسے جاری رکھنے کی سفارش کرتے رہے ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree