وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، ایک طرف ریلیف دینے کا شور مچایا جارہا ہے اور دوسری طرف عوام پر بجلی بم گرایا جاچکا ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی لیکن اس کے ثمرات عوام میں منتقل نہیں کئے گئے۔
ایک طرف کورونا سے عوام پریشان ہیں اور دوسری طرف مہنگائی نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے، موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ دوسری طرف لاک ڈاون میں نرمی کی جارہی لیکن تعلیمی اداروں کو تاحال نہ کھولنا تعلیم کے ساتھ ظلم ہے۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ تعلیمی ترقی کے بغیر قوموں کی ترقی ممکن نہیں، تعلیمی اداروں کو کھولنا اور ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسز آج بھی حفاظتی سامان سے محروم ہیں، ڈاکٹر اور فرنٹ لائن ورکرز کی ضروریات کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حیرانگی ہے ملتان کے فرنٹ لائن ورکرز تاحال کٹس اور دیگر حفاظتی سامان سے محروم ہیں اور کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔