وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کی جانب سے ضلعی سطح پر قانونی امور کو سرانجام دینے کے لیے وحدت لائرز فورم کا اعلان کر دیا گیا، وحدت لائرز فورم کے پہلے باقاعدہ اجلاس میں شہباز علی خان گرمانی ایڈووکیٹ کو فورم کا صدر، ملک تنویر عباس گھلو ایڈووکیٹ سینئر نائب صدر، سید مجتبی ضیغم شمسی ایڈووکیٹ کو نائب صدر، مہر سجاد علی چوہان ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری، ناصر عباس ایڈووکیٹ کو سیکرٹری فنانس، مرتضی مہدی ایڈووکیٹ کو جوائنٹ سیکرٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے، اجلاس میں مجلس علمائے شیعہ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی، ایم ڈبلیو ایم ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی، ضلعی جنرل سیکرٹری سردار عون رضا انجم ایڈووکیٹ، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال موجود تھے۔
ایم ڈبلیو ایم ملتان کے ضلعی صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ ضلع کی سطح پر وحدت لائرز فورم کا قیام خوش آئند ہے، معاشرے میں ہونے والی ناانصافیوں، مظالم کو روکنے میں یہ فورم اپنا کردار ادا کرے گا، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی حمایت کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، قیادت کے حکم پر اضلاع کی سطح پر گرفتاریوں کی حکمت عملی طے کر لی ہے، ہم اس ظالمانہ نظام، جبری گمشدگیوں، عزاداری کے خلاف پابندیوں، اور قومی اداروں مسلکی طور نامتناسب نمائندگی کو مسترد کرتے ہیں۔