وحدت نیوز(قم) موسسہ باقرالعلوم قم میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ظہرانے کا آغاز تنظیمی ساتھیوں نے شہید غلام محمد فخر الدین قدس سرہ کیلئے اجتماعی طور پر فاتحہ پڑھ کر کیا اور سب نے ان کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ ظہرانے میں پاکستان کی سیاسی صورتحال، ملک کے اقتصادی اتار چڑھاو، قوم کے مستقبل اور شیعیان پاکستان کی ذمہ داریوں جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔ سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پاکستان میں استعماری حکومتوں خصوصاً امریکہ کی مداخلت اور حالیہ بحران پر خصوصی طور پر بات چیت ہوئی۔
سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کا اہم ہدف شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے ایجنڈے اور ان کے مشن کی تکمیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ملت تشیع نے مجلس وحدت کے پلیٹ فارم سے تمام تر میدانوں میں اپنی سیاسی بصیرت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب شیعیان پاکستان کی بصیرت، مقاومت اور شجاعت کا اعتراف کرتے ہیں۔ مجلس وحدت کے تمام تر مواقف نے پاکستان کی سیاست پر دورس اثرات مرتب کئے ہیں۔ انہوں نے جی بی کی سیاسی صورتحال اور ملکی سیاست کے جی بی پر اثرات کو بھی بیان کیا۔ حاضرین کی طرف سے سوالات و جوابات کے دوران انہوں نے تمام اہم ملکی و سیاسی مسائل پر مجلس وحدت مسلمین کے موقف کو بیان کیا۔