وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے وفد نے یونائیٹڈ گوسپل ہیلنگ چرچ کا دورہ کیا، وفد میں صوبائی صدر عزاداری ونگ و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر سخاوت علی سیال، ممتاز عالم دین علامہ وسیم عباس معصومی، مولانا ہادی حسین، عون رضا انجم ایڈووکیٹ، عمران حیدر بخاری موجود تھے۔ مجلسِ وحدت مسلمین کے وفد کو فادر پاسٹر یوسف نے خوش آمدید کہا۔ انجینئر سخاوت علی سیال اور دیگر رہنمائوں نے سانحہ جڑانوالہ پر تعزیت پیش کی۔
انہوں نے قرآن مجید اور دیگر آسمانی کتب کے تقدس کو پامال کرنا حرام ہے، آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، سانحہ جڑانوالہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، اسلام امن و آشتی کا دین ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کا درس دیتا ہے، پاسٹر یوسف نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان ہم سب پر مقدم ہے، مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی برادری سے اظہار ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر سید ظفر عباس زیدی، سید حسنین زیدی اور دیگر موجود تھے۔