وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی جانب سے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب ملتان میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکجہتی فلسطین مظاہرے کا مقصد جہاں اپنے مظلوم مگر شجاع فلسطینیوں عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدردی کی جائے وہاں اپنی حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے اصولی موقف پر ڈٹ کر کھڑی ہو اور اسرائیل کے نہتے عوام پر حملوں کی مذمت کرنے میں پس وپیش سے کام نہ لے، پاکستان کو چاہیے کہ فوری اور واضح ردعمل دے اور فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کا اعلان کرے۔
مجلس علمائے مکتب اہل بیت جنوبی پنجاب کے صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج صرف اسرائیل کو شکست نہیں ہوئی بلکہ امریکہ اور یورپ نے جتنی انویسٹمنٹ کر رکھی تھی اس کا خاتمہ ہو چکا ہے، خطے میں امریکہ کو شرمندگی اٹھانی پڑ رہی ہے، یہ طوفان اقصی پورے خطے تک پھیل سکتا ہے لہذا پاکستان بھی اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرے اور وہ حکمت عملی اختیار کرے جو پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمان ہو، وہ دن دور نہیں کہ جب تمام مسلمان توفیق خداوند متعال قبلہ اول کی آزادی کا جشن منائیں گے۔
مظاہرے میں مولانا ہادی حسین، مولانا فرمان روحانی، مولانا امیر حسین ساقی، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے صدر انجینئر سخاوت علی سیال، وحدت یوتھ ملتان کے ڈویژںل صدر دلشیر علی خان، آئی ایس او کے نائب صدر برادر احتشام، یافث نوید ہاشمی، دلاور زیدی، وسیم زیدی، علی رضا بخاری، ثقلین نقوی، عاطف سرانی، فہیم جعفر، تیمورحسن، ارتضی نقوی ودیگر شریک تھے۔