وحدت نیوز(خانیوال)خانیوال کے علاقے مخدوم پور پہوڑاں میں دہشتگردی کا واقعہ، شیعہ نوجوان عمیر علی دن دیہاڑے قتل، دہشتگرد گرفتار، لواحقین کی مدعیت میں مقدمہ درج، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے قائدین کی ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سے ملاقات، رہنماؤں کی جانب سے اظہار افسوس، نماز جنازہ آج سہہ پہر 3 بجے مخدوم پور پہوڑاں میں ادا کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال کی تحصیل کبیروالا کے نواحی علاقے مخدوم پور پہوڑاں میں دن دیہاڑے دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا جہاں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے طاہر نے شیعہ نوجوان عمیر علی کو گھر کے سامنے قتل کر دیا، ذرائع کے مطابق قاتل کو مقامی لوگوں نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ محرم میں اسی شیعہ نوجوان کے خلاف توہین صحابہ کا جھوٹا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا، واقعہ کی اطلاع ملتے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی رہنما و صدر عزاداری ونگ جنوبی پنجاب انجینئر سخاوت علی سیال، صوبائی صدر مجلس علمائے مکتب اہلبیت علامہ قاضی نادر حسین علوی، صوبائی جنرل سیکرٹری عون رضا انجم ایڈووکیٹ، صوبائی سیکرٹری روابط سید غدیر عباس شیرازی وفد کے ساتھ وکلاء پینل کے ہمراہ شہید کے گھر پہنچے، قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے شہید کے خانوادے سے اظہار تعزیت کیا گیا۔
بعد ازاں رہنماؤں نے ہسپتال پہنچ کر تمام قانونی کارروائی کا خود جائزہ لیا، ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے صوبائی صدر عزاداری ونگ جنوبی پنجاب و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر سخاوت علی سیال کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر خانیوال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور اس دہشتگردانہ واقعہ پر شدید غم و غصّے کا اظہار کیا، اور اس واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے فوری ایف آئی آر درج کروائی۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال نے اس واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔