وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی 8 شوال 29 اپریل کو عالمی یوم انہدام جنت البقیع منایا جائے گا۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی، جنرل سیکرٹری سید زعیم زیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جواد مصطفیٰ، سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور زیدی، سیکرٹری نشر و اشاعت ثقلین ظفر اور صوبائی ترجمان عاطف حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آل سعود حکومت کی جانب سے 8 شوال کو جنت البقیع میں صحابہ کرام، امہات المومنین اور آئمہ اطہار کی قبور کو مسمار کر دیا گیا تھا، جس کے بعد 8 شوال کو دنیا بھر میں آل سعود کی اس اسلام دشمن حرکت کے خلاف یوم احتجاج منایا جاتا ہے۔
علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ 8 شوال 29 اپریل کو چوک گھنٹہ گھر تا چوک نواں شہر ملتان تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا ، احتجاجی ریلی میں دیگر جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے صحابہ کرام، امہات المومنین اور آئمہ اطہار کی قبور کو مسمار کرانا عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے، امہات المومنین، آئمہ اطہار کی قبور مسلمانوں کے لیے مرکز ہدایت ہیں۔