وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی نے صوبائ رہنما ناصرحسینی کے ہمراہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے رفیق خاص ، جامعہ تعلیمات وتبلیغات سندھ کے سربراہ ، رکن شوریٰ عالی ایم ڈبلیوایم بزرگ عالم دین علامہ حیدرعلی جوادی کی مقامی اسپتال میں عیادت کی ، علی حسین نقوی نے انہیں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور علامہ حسن ظفرنقوی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، ساتھ ہی ان کی جلد مکمل صحت یابی کی بھی دعاکی، علامہ حیدرعلی جوادی نے ایم ڈبلیوایم رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف دو ماہ سے جاری دھرنے کے سپیکر اور معروف نوجوان عالم دین شیخ محمد حسن جوہری کے گھر پر آدھی رات کو چھاپہ اور چادر و چاردیواری کے تحفظ کو پامال کرنے اور انکو ہراساں کرنے کی کوشش پر سکردو پولیس اور انتظامیہ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور یہ فعل نا قابل برداشت عمل ہے۔ انتظامی سربراہ اور پولیس کے سربراہ اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کی وضاحت کرے کہ یہ عمل انکے ایماء پر ہوئی ہے یا کسی اور اقدام کا شاخسانہ ہے۔ پولیس وردی میں بھاری نفری کا ایک عالم دین کے گھر پر آکر ذہنی اذیت دینے کی کوشش کو پورے بلتستان کے علماء کی توہین سے تعبیر کرتے ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملک بھر کی طرح بلتستان میں دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو تنگ کرنا نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے آفس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کرنے ،ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بولنے اور حقوق کی باتیں کرنے کے سبب بلتستان کے بہت سارے علمائے کرام کو دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہو ا ہوا ہے۔ اگر کسی بھی شخصیت کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور لوکل پولیس پر عائد ہوگی۔ اگر لوکل انتظامیہ صوبائی حکومت کے سامنے بے بس ہے اور پولیس صوبائی حکومت کے جیالے ہیں تو واضح کریں ہم خود اپنے علماء کیلئے سیکیورٹی اقدامات کریں گے۔ ریاستی اداروں کی سیاسی حکومتوں کے سامنے بے بسی شرمناک عمل ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر مذکورہ واقعے کی تفصیلات سے واضح نہیں کیا جاتا اور شیخ حسن جوہری کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر نوٹس نہیں لیا جا تا تو احتجاج کا رخ انتظامیہ کے خلاف مڑ سکتا ہے۔
وحدت نیوز(دینہ) مکتب تشیع کی عزت ہمیشہ استقامت اور مقاومت کے ذریعے سے قائم رہی ہے،چودہ سو سالہ تاریخ انسانی گواہ ہے کہ ہم ہمیشہ میدان میں حاضر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور تربیت علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے دربار سید لال بادشاہ دینہ میں ۲۲جولائی کے ملک گیر پیہہ جام اور لانگ مارچ کی رابطہ مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے بعنوان مکتب آج تک کسی طاغوت، نمرود اور فرعون کے سامنے تسلیم نہیں ہوئے، ہمارے سر نوک نیزہ پر بلند تو ہوئے لیکن کسی ظالم اور جابر کے سامنے جھکے نہیں ، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی دو ماہ سے جاری بھوک ہڑتال اسی کی ایک کڑی ہے،وہ وقت دور نہیں کہ جب انشاءاللہ قائد وحدت کی استقامت سے انقلاب آئے گا۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے سیکریٹری فلاح وبہبود علامہ سید ساجد حسین شیرازی کی گاڑی کو گلگت جاتے ہوئے گرم چشمہ کےمقام پر حادثہ ، لینڈسلائڈنگ کے نتیجے میں کار دریا میں جا گری، علامہ ساجد شیرازی کے ہمراہ تیم خانہ بہشت مصطفی کے سرپرست سید شاہد ہادی اور ان کا 11 سالہ بیٹا بھی گاڑی میں موجود تھے تینوں افراد تاحال لا پتہ ہیں جن کی تلاش کا کام تیزی سے جاری ہے ، آخری اطلاعات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی ڈاکٹرحاجی رضوان علی اورترجمان الیاس صدیقی،غلام عباس سمیت پانچ رکنی وفدچلاس روانہ ہو گیا ہے جہاں وہ مقامی انتظامیہ سے بات چیت کے بعد ریسکیوآپریشن میں تیزی لانے کی کوشش کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ٹی اوآرزپر حزب اختلاف کی پارلیمانی جماعتوں کے اہم مشترکہ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی نے اپنے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔مذکورہ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کو ملت تشیع کی نمائندہ جماعت کے طور پر خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ۔اجلاس میں موجود تمام جماعتوں کا تعلق پارلیمان سے تھا۔ایم ڈبلیو ایم کی پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ ہونے کے باوجود اس اجلاس میں مدعو کیا جانا پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اس امر کا اعتراف ہے کہ پاکستان میں ملت تشیع کی نمائندگی کا اختیار اسی جماعت کو حاصل ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) وطن عزیز پاکستان میں رہنے والے تمام افراد ملک کو پر امن دیکھنا چاہتے ہیں، دہشتگردی نے ملک بھر کے باسیوں کی زندگیاں تباہ کر دی ہیں۔ قوم پر بہت ظلم ہو چکا ہے، حکمرانوں اور انتظامیہ کو دہشتگردوں کے خلاف اقدامات اٹھانے ہونگے۔ دہشتگردوں اور تکفیریوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچائے بغیر امن کا حصول ممکن نہیں۔ایم ڈبلیو ایم صوبی سندھ کے پولٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی نے وحدت ہاوس سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی جماعت ہے، پاکستان کے اندر بے شمار معصوم شہریوں کو مختلف واقعات، سانحات اور ٹارگیٹ کلنگ کی صورت میں شہیدکر دیا گیا ہے، مختلف واقعات میں ہزاروں گھروں کو کفیلوں سے محروم کیا گیااور ہزاروں افراد یتیم ہوگئے مگر افسوس کا مقام ہے کہ بے تہاشہ شہادتوں کے بعد بھی مجرم آزادی کی ہوا میں سکون کا سانس لے رہے ہیں، قاتلوں اور مجرموں کو اپنے کئے پر شرمندگی کے بجائے فخر ہے اور حکومت انکے خلاف کروائی کی تو دور کی بات، انہیں کچھ کہنے کی جرات بھی نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائد اور ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس صاحب 68 دنوں سے ظلم اور بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات پیش کئے ہیں۔ ہمارے مطالبات عین آئینی اور قانونی ہیں جس میں ہمارے حقوق کی بات ہوئی ہے، ہر پاکستانی یہ چاہتا ہے کہ ملک میں امن آئے ہر شخص کی خواہش ہے کہ دہشتگردی اور تکفیری سوچ کا خاتمہ ہو۔ پوری قوم نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، اگر حکومت جمہوری ہے اور خود کو عوامی نمائندہ سمجھتی ہے تو انکا فرض بنتا ہے کہ ہمارے مطالبات تسلیم کرے اور ملک کو امن کا گہوارا بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ آئین جہاں عوام کی حفاظت کا کہتی ہے وہاں ہر روز بے گناہ شہریوں کا خون بہایا جاتا ہے، حکومت آئین کی پیروی میں کوتاہی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انکے منتقی انجام تک پہنچایا جانا چاہئے۔ ہمارا تحفظ ممکن بنایا جائے اور ان تمام افراد کو گرفتار کیا جائے جو بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔ آئین کو پامال کرنے والوں اور ہزاروں بے گناہ افراد کو قتل کرنے والوں کا آزاد گھومنا اور شہر قائد میں کالعدم جماعتوں کی ریلیاں نکلنا نیشنل ایکشن پلان پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، حکومت اپنے فرائض درست انجام دیتے ہوئے ان تکفیری عناصر کا خاتمہ کرے۔