وحدت نیوز(جنوبی پنجاب) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔اسلام آباد، کراچی،لاہور، پشاور،کوئٹہ ،ملتان،ڈیر اسماعیل خان اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ مظاہروں میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے آٹھ شہروں میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اظہاریکجہتی کے طور پر ریلیاں نکالی گئیں۔ ملتان میں امام بارگاہ دولت سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، بہاولپور میں شیعہ جامع مسجد سے فرید گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ڈیرہ غازیخان میں پاکستان چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، لیہ میں میلاد گراؤنڈ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، بھکر میں امام بارگاہ قصرزینب سے امام بارگاہ قصرعلی اصغر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، رحیم یارخان میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ملتان میں مظاہرین نے بینرز اورپوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ ٹارگٹ کلنگز اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔جبکہ احتجاجی ریلی سے علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا ہادی حسین ہادی، محمد عباس صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حکومت کی طرف سے عدم توجہی پر کڑی تنقید کی۔انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ہمارے بے گناہ لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ہمارے باصلاحیت ،پڑھے لکھے اور ہنرمند افراد کو چن چن کر شہید کیا جا رہا ہے۔کالعدم مذہبی جماعتوں کو حکومت کی مکمل آشیر باد حاصل ہے جس کے باعث وہ ملک میں دندناتی پھر رہی ہیں۔عدلیہ سمیت ملک کے دیگرمقتدر اداروں کی طرف سے ان واقعات پرمسلسل خاموشی ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا جب ریاست بے گناہوں کو پابند سلاسل کرنے لگے اور جرائم پیشہ افراد کو رعایت دینے لگے تو پھر ملک میں عدل و انصاف کی بجائے اختیارات کی حاکمیت سمجھی جاتی ہے۔اس وقت وطن عزیز کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔اس غیر منصفانہ طرز عمل کے خلاف علامہ ناصر عباس نے اپنی آواز بلند کی ہے۔۔ ملک و ملت کے لیے علامہ ناصر عباس کی مخلصانہ جدوجہد لائق تحسین ہے۔
انہوں نے پاکستان میں ملت تشیع پر ہونے والے مظالم سے نہ صرف اقوام عالم کو آگاہ بلکہ ایک طویل اور پرامن احتجاج کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے شیعہ پرتشدد سیاست کے خلاف ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے آ ئینی و قانونی راہ کو ہی بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں۔علامہ ناصر عباس کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے اس کے باوجود حکومت دانستہ طور پر غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے جو حکومتی ذمہ داریوں اور اخلاقی قدروں کے منافی ہے۔جن حکمرانوں کے پاس پاکستان کے پانچ کروڑ تشیع کی نمائندہ جماعت کے سربراہ کی بات سننے کا وقت نہیں ان کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بچتا۔ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکے ہیں۔ ہم آج سے اپنے احتجاج کی تحریک کو ملک کی اہم شاہراوں کی طرف منتقل کر رہے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کے مطالبات کی منظوری تک ہمارا احتجاج میں کمی واقعہ نہیں ہو گی۔
وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور شعبہ مشہد مقدس ایران کے سیکرٹری جنرل علامہ عقیل خان کی گرفتاری اور حکومت پنجاب کا تشیع کے خلاف معاندانہ رویہ قابل تشویش ہے . ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے سول ڈیکٹیٹرشب کے نفاذ اور سیاسی انتقام کے لئے سی ٹی ڈی کو فری ہینڈ دے رکھا ہے .ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ شفقت شیرازی نے وحدت ہائوس قم سے جاری ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ ملک سے باہر بیس سال سے زیادہ عرصہ کے مقیم اور گرمیوں کی چھٹیاںعزیز و اقارب کے ساتھ گزارنے اور بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکت کرنے کیلئے وطن آئے محترم عالم دین کی بغیر کسی سابقہ نوٹس کے گرفتاری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے. آئے دن ایران سے آنے والے پاکستانی بیگناہ طلبہ وطالبات کو گرفتار کر کے حکومت پنجاب کسے خوش کر رہی ہے؟ ظالم ومظلوم اور قاتل مقتول سے برابر کا سلوک اور ظالمانہ بیلنس پالیسی کبھی بھی دھشت گردی کے خلاف جنگ کے دعوے کو کامیابی سے ہم کنار نہیں ہونے دے گی . ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ علامہ عقیل خان کو فی الفور رہا کیا جائے اور 65 دن سے جاری مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کے مطالبات قبول کر کے پاکستانی عوام بالخصوص تشیع پاکستان کی بے چینی ختم کے جائے.
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال تحریک سے اظہار یکجہتی،شیعہ ٹارگٹ کلنگ،حکمرانوں کی مجرمانہ بے حسی اور سیکیورٹی اداروں کی مسلسل خاموشی کے خلاف شعبہ خواتین نے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے مل بھر میں بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،لاہور میں خواتین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ خانم لبنی زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم انشااللہ پاکستان کو قائد اعظم و علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لینگے،ہم اس وطن کو مسلکی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونے دینگے،ہمارے مطالبات تسلیم نا کیئے گئے تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا جو حکمرانوں کے اقتدار کو بہا کر لے جائے گا احتجاجی ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی جو اپنے مطالبات کے حق میں پر جوش نعرے لگارہی تھیں،ریلی میں بچے بھی بڑی تعداد میں شریک تھے ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں عزاداری پر قدغن اور پابندیاں برداشت نہیں کریں گے،یہ قتل و غارت اور گرفتاریاں ہمارے راستے کی دیوار نہیں بن سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کے وارث ہیں ہم اسے تکفیریوں کا پاکستان نہیں بننے دینگے۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے رہنما خانم معصومہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کی احتجاجی تحریک کی کامیابی تک ہم میدان میں ہی رہینگی اور جہاں بھی پکارا گیا ہمیں حاضر پائیں گے۔
تحریک ا حیاء پاکستان کی سربراہ محترمہ ردا زہرا نے کہا کہ پاکستان تمام مکاتیب فکر کی مشترک میراث ہے اسے کسی بھی ایک مکتب کی جھولی میں ڈالنا اس دھرتی کے ساتھ غداری کے مترادف ہے ،حکمرانوں اور سیکیورٹی کے ذمہ دار اداروں کو اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ کون لوگ اس ملک اور اس کے اداروں کے دوست و دشمن ہیں جن لوگوں نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجائی ان کو سرکاری پروٹوکول میں رکھنا کہاں کا انصاف و وطن دوستی ہے،یاد رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں شعبہ خواتین نے آج احتجاجی ریلیاں نکالیں اور ملک بھر میں ان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جلسے و جلوس برپا کیے22جولائی علامہ راجہ ناصر عباس کے مطالبات کی حمایت میں ملک بھر کی اہم شراہوں پر دھرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام ملک بھر میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر کے بھوک ہڑتال تحریک کی حمایت اور حکمران و ریارستی اداروں کی بے حسی کیخلاف احتجاجی مظاہرے وریلیاں، چاروں صوبوں آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کے تمام مختلف اضلاع میں مظاہرے ہوئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی،لاہور، پشاور،کوئٹہ ،ملتان،سرگودہا،فیصل آباد،رحیم یار خان،بھکر،ڈیر اسماعیل خان ،پاراچنار،انرون سندھ ،جیکب آباد شکار پور،ماتلی،حیدر آباد،قنبر شہزاد، سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ مظاہروں میںہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور شعبہ خواتین کے زیر اہتمام پریس کلب سے اسمبلی ہال تک احتجاجی ریلی کا انعقاد، ریلی کی قیادت،علامہ حسن ہمدانی،علامہ شاہد نقوی ، علامہ مہدی کاظمی اور سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین خانم لبنیٰ زیدی نے کی۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال تحریک سے اظہار یکجہتی،شیعہ ٹارگٹ کلنگ،حکمرانوں کی مجرمانہ بے حسی اور سیکیورٹی اداروں کی مسلسل خاموشی کے خلاف شعبہ خواتین نے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے مل بھر میں بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،لاہور میں خواتین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں شیعہ پروفیشنلز کا بے دریغ قتل اور حکمرانوں کی خاموشی اس بات کی گواہی ہے کہ قاتلوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا گیا ہے۔کالعدم گروہوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جو دندناتے پھرتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کہاں ہے کیا یہ صرف بیگناہوں پر لاگو ہوتا ہے،انہوں ے کہا کہ ہم ظلم کے ہر راستے کو روکیں گے چاہے وہ حکمرانوں کی طرف سے ہو یا کسی اورکی طرف سے ۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی کی سربراہی میں ایک وفد نے عبدالستار ایدھی مرحوم کے فرزند فیصل ایدھی سے ملاقات کی۔ وفد میں سیکریٹری سیاسیات سندھ سید علی حسین نقوی، معاون سیکریٹری سیاسیات سید ثمر عباس زیدی، عون علی اور صوبائی رہنما ناصر حسینی بھی شامل تھے۔ رہنماؤں نے ممتاز سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کے لیے عبدالستار ایدھی کی شبانہ روز کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا، وطن عزیز کے لیے ایدھی صاحب کا وجود ایک نعمت سے کم نہیں تھا، انسانیت کی خدمت کے صلہ میں حکومت پاکستان کی طرف سے نشان امتیاز اور دیگر عالمی ایوارڈز کا ملنا آپ کی مخلصانہ تگ و دو کا اعتراف ہے، عبد الستار ایدھی کے انتقال نے ہمیں ایک محب وطن اور انسان دوست شخصیات سے محروم اور پورے پاکستان کو سوگوار کر دیا ہے۔ رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ 8 جولائی کو سرکاری سطح ہر یوم انسانیت منائیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے علامہ ناصر عباس جعفری اور مولانا حسن ظفر نقوی سمیت مجلس وحدت کی سینئر قیادت کی جانب اظہار تعزیت پیش کیا۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ 63روز سے دہشتگردی،لاقانونیت اورکرپشن کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف عملی احتجاج جاری ہے جو پوری قوم کی آواز ہے۔قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت پاکستان کی تمام بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنماوں نے احتجاجی کیمپ میں جا کر مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کو اصولی اور وطن عزیز کے استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اس کے باوجود وفاقی حکومت کی طرف سے مسلسل سرد مہری برتی جا رہی ہے جو پاکستان کے پانچ کروڑ سے زائد ملت تشیع کی تضحیک ہے۔ حکومت ایک طرف دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بلند و بانگ دعووں میں مصروف ہے جبکہ دوسری طرف کالعدم مذہبی جماعتوں کو ان قومی اداروں کی سرپرستی حاصل ہے جو ملک میں قیام امن کے ذمہ دار ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین ملتان کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ سید سلطان احمد نقوی، مولانا عمران ظفر، ثقلین نقوی، اختر عباس اور مہدی رضوی سمیت دیگر رہنما موجودتھے۔ انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی عالمی سازش کو تقویت دے رہے ہیں۔ پاکستان کے ہر محب و طن کو قائد و اقبال کے اس پاکستان کی تلاش ہے جو نفرتوں اور تفرقہ بازی سے پاک ہو۔جہاں ہر مذہب و مسلک اپنے عقیدے کے مطابق آزادانہ زندگی بسر کرسکے۔ 17جولائی کو پاکستان کے مختلف شہروں میں ایم ڈبلیو ایم کی خواتین احتجاج کریں گی۔22 جولائی کو ملک کی تمام اہم شاہراوں پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دیے جائیں گے۔7اگست کو اتحاد بین المسلمین کے داعی شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے موقع پر اسلام آباد میں جلسہ کیا جائے گا۔رہنماں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں تیس سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پر زور مذمت کی مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی جارحانہ کاروائی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ تسلط ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی پامالی کے سنگین ترین واقعات کا فوری نوٹس لیں۔