وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کی جانب محرم الحرام سے قبل صفائی مہم بعنوان استقبال محرم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ علاقہ کو گندگی سے پاک صاف کیا جاسکے، اس صفائی مہم کا آغاز اتوار کی صبح ۱۱بجے ہوا جہان علماء کرام نے خود جھاڑو اٹھا کر اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس موقع پر مرکزی مسجد جعفرطیار کے پیش امام مولانا نسیم حیدر، ایم ڈبلیو ایم ملیر کے رہنما مولانا غلام محمد فاضلی، کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا نشان حیدر ساجدی اور دیگر علاقائی علماء سمیت کارکناں کی بڑی تعداد موجود رہی، اس موقع پرایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مرکزی امام بارگاہ کیمپ لگایا گیاجس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ملیر کے رہنما مولاناغلام محمد فاضلی نے کہا کہ اسلام نے صفائی کو نصف ایمان سے تعبیر کیا ہے لیکن ہمارے حکمرانوں نے اس شہر کو گندی و غلات کا ڈیرھ بنادیا ہے، محرم قریب آگئے ہیں ہر لیکن عزاداروں کے علاقہ سیاسی تعصب کاشکار ہیں لہذا ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے علاقہ کو خود صاف کرنے کا ارادہ کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ مہم پورے ہفتہ جاری رہے گی۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی شوریٰ کا اجلاس ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری تعلیم برادر نثار فیضی نے جماعت کے اندر اداروں کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جماعتیں اور تحریکیں کامیابی سے سرفراز ہوتی ہیں جن کے فیصلہ ساز اور پالیسی ساز ادارے مضبوط ہوتے ہیں اور عہدیداران اداروں کی ڈائریکشن پر چلتے ہیں۔ انہوں نے ناصر ملت کے دورہ تفتان ، وزیر اعلی بلوچستان سے ملاقات پنجاب حکومت کے ساتھ جاری مزا کراتی عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجاع قیادت کی محنت اور اخلاص ثمر آور ثابت ہو رہا ہے اجلاس میں راولپنڈی بھر سے اراکین ضلعی شوری ، ضلعی اور تحصیل عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آمدہ محرم الحرام اور عزاداری سید الشہداء(ع) کے حوالے سے فیصلے کیے گئے ، تنظیمی کارکردگی پیش کی گئی اور آئندہ کے اہداف کا تعین کیا گیا۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی علامہ غلام محمد عابدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عزاداری سید الشہداء سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے تمام جلوس ہائے عزاداری اور مجالس عزا بھرپور حسینی جذبے کے تحت منعقد کی جائیں گی راولپنڈی بھر کے جلوسوں اور مجالس کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس ہائے عزاء کو قبل از وقت ختم کرنے کی کوشش عزاداری پر قدغن تصور کی جائے گی اور تمام جلوس اپنے مقررہ وقت پر ہی اختتام پذیر ہوں گے۔
اس موقع پر علامہ سید علی اکبر کاظمی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی کی سربراہی پر مشتمل چھ رکنی عزاداری سیل کا قیام عمل میں لایا گیا جوعزاداران کے مسائل کے حل کیلئے ایام عزا کے دوران 24 گھنٹے کام کرے گا۔ عزاداری سیل میں علامہ غلام محمد عابدی، ابتہاج نقوی، سید اظہر حسین کاظمی ، ناصر حسین وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خیر العمل کے برادر محمد علی نے کہا کہ شعبہ خیر العمل کی جانب سے جلوس ہائے عزاداری میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس لیڈر ناصر حسین بلتی نے اجلاس کو بتایا کہ اسکاؤٹس اور شعبہ جوان جلوس ہائے عزاء کی سیکیورٹی کیلئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں اور جہاں بھی بانیان نے ہمیں سیکیورٹی کیلئے کہا ہم اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عزارادی کے ہر ممکن تحفظ کی کوشش کریں گے۔ اجلاس میں مزید یونٹس کے قیام اور تنظیمی فعالیت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام امام بارگاہ گلستان زہرا( س )لاہور میں تحفظ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں لاہور اور گردونواح کی ماتمی سنگتوں اور مرکزی جلوسوں کے بانیان نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا عزاداری سید الشہداء ہماری شہ رگ حیات ہے، جس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے دفاع کیلئے ہم اپنی جانیں پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، خواہ وہ راولپنڈی، لاہور، کراچی یا پاکستان کا کوئی بھی کونہ ہو۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم عزاداری سید الشہداء کیلئے بانیان مجالس اور عزاداروں سے مکمل تعاون کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ اس سال کا محرم الحرام ان شاء اللہ اب تک کا پُرامن محرم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بھی بانیان مجالس اور ماتمی سنگتوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل آغا مبارک موسوی اور لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس کے بعد میڈیا بریفنگ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان اس وقت چاروں اطراف سے دشمن کے خطرات سے گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کا درندہ صفت وزیراعظم کشمیر میں جاری مظالم پر پردہ ڈالنے کیلئے بزدلانہ کارروائیوں کا سہارا لے رہا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام دفاع وطن کیلئے اپنی جانیں دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ صوبائی اور مرکزی حکومتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مجالس اور جلوسوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں علماء، خطباء اور ذاکرین پر غیر آئینی پابندیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان غیر آئینی پابندیوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عدلیہ اور چیف جسٹس آف پاکستان بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ان پابندیوں کیخلاف سوموٹو نوٹس لے۔
وحدت نیوز(بھکر) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما سید عدیل عباس زیدی نے کہا ہے کہ بھکر میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور کارکنان کا ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، بیلنس پالیسی کسی طور پر قبول نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ بھکر کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ ملک میں امن، بھائی چارگی، اور بین المسالک ہم آہنگی کی بات کی ہے، تاہم کافی عرصہ سے بھکر میں ہماری ضلعی قیادت اور کارکنان کو بلاجواز طور پر ہراساں کیا جارہا ہے، یہ سب کچھ بیلنس پالیسی کے تحت ہورہا ہے، جسے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت ہے، ہم نے نہ کبھی فرقہ واریت کی بات کی ہے اور نہ ہی ایسے عناصر کو برداشت کیا، لہذا حکومت پنجاب بیلنس پالیسی کو ترک کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں اور کارکنان کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔
وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، اطلاعات کے مطابق شہداء کمیٹی کے چیئرمین اور سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ علامہ مقصود ڈومکی نے وفد کے ہمراہ سانحہ شکارپور، سانحہ جیکب آباد اور خانپور کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور محر م الحرام میں سیکورٹی مسائل پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات گفتگوکی اس ملاقات میں محرم الحرام میں سیکورٹی فراہم کرنے سےمتعلق انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی اور سانحہ شکارپور،جیکب آباد اور خانپور جیسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی، ایم پی اے آغا رضا ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ولایت حسین جعفری و دیگر معززین نے وحدت ہائوس کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور دھمکیوں کا بلوچستان کے عوام نے اپنے حب الوطنی کے ذریعے بھر پور جواب دیا، تفتان روٹ دورے پر ہم نے ہر جگہ گھروں پر پاکستانی جھنڈے دیکھے جو بلوچ عوام کی حب الوطنی کی نشانی ہے ۔ بلوچ عوام نے حکومت اور اداروں کی ناانصافیوں اور محرومیت کے باوجود ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، انکے حقوق دینا اور ترقیاتی کاموں کے ذریعے انکی محرومیت کو دور کرنا حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اپنے ظلم اور جنگی جنون کےذریعے تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دبا سکتا ،اگر ہندوستان جنگ مسلط کرنے کی غلطی کرے تو پاکستانی افواج اور عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر وطن عزیز کی دفاع کرے گی اور ہندوستان کو وہ سبق سکھائیں گے انکی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھے گی ۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ جس نے ہمیں بہترین وکلاء اور صحافیوں جو صوبہ اور ملک کے عظیم سرمایہ تھے ہم سے چین لیا ۔ حکومت اس واقعے کو قصہ پارینہ نہ بنائے اور دہشتگردوں انکی سہولت کاروں کے خلاف بھر پور کاروائی کریں اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کروائے۔زائرین صوبہ بلوچستان کو پاکستان کے دیگر صوبوں سے ملاتے ہیں اور اپنی قربانیوں اور آمدو رفت کے ذریعے سے کوئٹہ تفتان روٹ کو زندہ رکھا ہے جس سے صوبے کو اقتصادی فائدہ بھی پہنچ رہا ہے۔ زائرین کو تنگ کرنا اور مشکلات پیدا کرنا ملک اور صوبے کے نقصان میں ہے، لہذا حکومت اور صوبائی انتظامیہ انکی مسائل اور مشکلات بر طرف کریں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور ایف سی کے سربراہان سے ہماری ملاقاتیں ہوئی جس میں ہم نے زائرین کی تمام مشکلات سے انھیں آگاہ کیا ہماری تمام ملاقاتیں اور خصوصا وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری سے ملاقات انتہائی مثبت رہی جس میں انہوں نے یقین دہائی کروائی کہ محرم اور صفر کے بعد زائرین کےموومنٹ کانوائے کی تعداد بڑھا دی جائے گی، پاکستان ہاوس میں تمام تر سہولیات فراہم کریں گے اور بذات خود تفتان کا دورہ بھی کریں گے۔ چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہوم نے بھی تعاون اورخصوصا تفتان سے کوئٹہ آتے ہوئے زائرین کی جلد از جلد موومنٹ کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے ،امید ہے کہ وزیر اعلی اور دیگر ذمہ داران اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے ان مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں جلد از جلد حل کرینگے ،ایف آئی اے آفس تفتان جو کراچی ائیر پورٹ کے بعد سب سے مصروف ترین بارڈر ہے ، اسکا حال انتہائی ناگفتہ بہ ہے جہاں سے غیر ملکی مسافر بھی آتے رہتے ہیں اس آفس کی حالت وطن عزیز کے وقار کے منافی ہے، حکومت ایف آئی اے آفس تفتان کوجلد از جلد جدید بنیادوں پرسہولیات فراہم کرے ۔
خطاب کے آخر میں علامہ راجہ ناصر عباس نے وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی و دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد کروا کر ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے اور انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی دفاع اور عوام کے جان و مال کی تحفظ کرنے والے اپنے ان تمام جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہم سانحہ کوئٹہ اور دیگر تمام واقعات میں شہید ہونے والے شہداء کو عظیم خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔