وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عزاداری کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، محرم الحرام کے دوران عزاداری کے اجتماعات کو مکمل سیکورٹی کی فراہم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں مرکزی عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سندھ بھرمیں منعقد ہونے والے عزاداری، مجالس اور جلوسوں کے پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی اور ایک عزاداری سیل بھی قائم کردیا گیا ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اس سال سندھ میں ہونے والی تمام مجالس، عزاداری اور جلوسوں کو مکمل سیکورٹی کی فراہمی کے لئے مجلس وحدت مسلمین اور اسکاؤٹس رضاکاروں نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، اس کے علاوہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی اور دیگر تمام انتظامات کو بھی مکمل کروایا جائیگا۔
انہوں نے عزاداری سیل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری عزاداری سید اکبر شاہ کی سربراہی میں بننے والے عزاداری سیل میں علی حسین نقوی،مولانا علی انور جعفری،علامہ دوست علی سعیدی ،مولانا سکندر علی ،آفتاب میرانی، آغا ندیم جعفری ،شفقت لانگا کو بحیثیت ارکان شامل کیا گیا ہے، ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے عزاداری سیل کا مرکزی آٖفس وحدت ہاؤس سولجر بازار میں قائم کیا گیا ہے جہاں صوبائی رہنما ناصر الحسینی آفس سیکرٹری کے خدمات انجام دیں گے جبکہ شہر بھر کی جامع مساجد و امام بارگاہوں اور مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی دفاتر و علاقائی یو نٹس میں 7000سے زائد ایم ڈبلیو ایم کے رضا کاروں پر مشتمل ورکنگ ٹیم بنائی گئی ہے جو مرکزی آفس سے 24گھنٹہ رابطہ میں رہے گی اور مختلف شعبہ جات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دی جائے گی، اس کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم خواتین ونگ کی رضا کار بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیل محرم الحرام کے دوران شہر میں ہونے والی تمام مجالس، جلوس اور عزاداریوں کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کی صفائی اور دیگر انتطامات کو مکمل کریں گے اور درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے خلاف کسی بھی سازش کو اب اس شہر کے شیعہ اور سنی بھائی مل کر ناکام بنائیں گے اور 1400 سال سے جاری عزاداری کو تاقیامت کسی کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وحدت نیوز(کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے مطلوبہ نتائج اور فیصلہ کن اہداف تب ہی حاصل ہو سکیں گے جب اس قانوں کو سیاسی ضرورتوں سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف دہشت گرد قوتوں کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔اگر اس قانون کو انتقامی حربے کے طور پر استعمال کیا گیا تو بہت جلد اس کی افادیت زائل ہو جائے گی، ایس ایس پی خیر پور کی جانب سے نیاگوٹھ میں جشن عید غدیر ریلی پر پابندی قابل مذمت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اورآئی جی سندھ اس متعصبانہ طرز عمل کا نوٹس لیں، کراچی سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں جہاں جہاں فوج کی نگرانی میں آپریشن جاری ہیں وہاں وہاں حوصلہ افزا کامیابیاں ہو رہی ہیں لیکن سند ھ کے مختلف اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی آڑ میں بیلنس پالیسی زور پکڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔حکومت سندھ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو خوش کرنے کے لیے ملت تشیع کے محب وطن گناہ افراد کو گرفتا ر کرنے میں مصروف ہے جو سراسر زیادتی اور سندھ میں دانستہ طور پر فرقہ واریت پھیلانے کی ایک منظم سازش ہے۔محرم سے قبل ملت تشیع کے افراد کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تا کہ عزاداری کو محدود کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہدا کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہم ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں لیکن قانون پر عمل درآمد کے نام پر کسی غیر منصفانہ طرز عمل کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) یوم اعلان ولایت امیر المؤمنین حضرت علی ؑ یوم تکمیل دین ہے۔ یوم غدیر وہ دن ہے کہ جب پیغمبر ؐاسلام نے صحابہ کرام ؓو حجاج ؒاسلام کے مجمع میں خم کے مقام پر حضرت علی ؑ کی ولایت کا اعلان فرمایا۔ پیغمبر اسلام کی یوں ہر بات تابع وحی ہوتی ہے لیکن اس روز خصوصی طور پر ’’اے رسول پہنچا دو وہ پیغام جو آپ ؐ کے رب کی طرف سے آپ پر نازل کیا جا چکا‘‘ سورہ مائدہ کی آیت نازل ہوئی اور پیغمبر اسلام نے ان تمام حجاج کرام جو پیچھے رہ گئے ، ان کے پہنچنے اور جو آگے چلے گئے ان کی واپسی کا انتظار فرمایا۔ اور سب کے جمع ہونے پر آپ نے حضرت علی ؑ کی ولایت کا اعلان ان الفاظ میں فرمایا’’من کنت مولاہ فھذا علی فولاہ‘‘ کہ جس جس کا میں مولا ہوں اس اس کا یہ علی مولا ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر نے جشن غدیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اس واقع کو عالم اسلام کے تقریباً تمام آئمہ حدیث و مورخین نے رقم کیا ہے،جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا اعلان ولایت کے بعد جملہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم نے بحکم رسول ؐ حضرت علی کے خیمہ میں جا کر’’ اے ابوطالب کے بیٹے مبارک ہو مبارک ہو آج سے آپ ہمارے اور ہر مسلم و مسلمہ کے مولا ہوئے‘‘یہ کہہ کر مبارکباد دی۔اس کے بعد آیت نازل ہوئی کہ آج کے دن دین مکمل ہوا ۔ انہوں نے بطور پیغام کہا کہ ولایت حضرت علی علیہ السلام عالم اسلام کے لیے ضابطہ زندگی ہے، نجات کا راستہ ہے ۔ ولایت کی اس رسی کو پکڑتے ہوئے انسان خدا اور اس کے رسول ؐ کا تقرب حاصل کر سکتا ہے۔ عالم اسلام کی مشکلات کا حل ولایت امیر المومنین علیہ السلام کی پیروی میں ہے۔
وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے زیر اہتمام کربلا معلیٰ امام بارگاہ شکارپور میں (تحفظ عزاداری و پیغام کربلا کانفرنس) منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے مہمان خاص رکن شورائے عالی علامہ محمد امین شہیدی تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ کانفرنس میں مدرسہ جوادیہ کے پرنسپل اور شہداء کمیٹی شکارپور کے وائس چئیرمین علامہ عبدالمجید بہشتی، سیاسی کونسل کے رکن مولانا پہلوان علی سنگھڑ، MWM کے رہنماء علامہ احمد علی طاہری، علامہ محمد نقی حیدری، مولانا محمد علی شر، مولانا معشوق علی قمی، مولانا سکندر علی دل، وارثان شہداء قمر دین شیخ ، برادر تنظیموں کے نمائندے، ماتمی انجمنوں کے رہنماء و دیگر شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردوں نے اب سرزمین سندہ کا رخ کیا ہے۔ شکارپور اور جیکب آباد کے سانحات، شہداد کوٹ اور خیرپور سمیت سندہ بھرمیں دھشت گردوں کے تربیتی مراکز اور سہولت کار حکومت اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ غفلت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان حالات میں ملت کی نمائندہ جماعت مجلس وحدت مسلمین نے ملت کی ذمہ دار شخصیات، علمائے کرام، خانوادہ شہداء، قومی تنظیموں کے نمائندگان ،ماتمی انجمنوں اور نوحہ خوانوں سے قومی صورتحال پر مشاورت کے حوالے سے اہم اجلاس بلایا ہے ، صوبائی سطح پر تحفظ عزاداری اور پیغام کربلا کانفرنس ۲۵ستمبر کوحیدر آباد میں منعقد کی جارہی ہے ، جس میں علمائے کرام ، ماتمی انجمنیں اور برادر تنظیمیں شریک ہوں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ ضلع لاہورکے زیر اہتمام یوم دفاع کے مناسبت سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا نعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے آٹھ ٹاوئنز کی ٹیموں نے حصہ لیا ،باری سٹوڈیو ارینا سپورٹس کمپلکس میں ٹورنامنٹ کا افتتاح مجلس وحدت مسلمین یوتھ کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر یونس حیدری کیا،بڑی تعداد میں شہری میچیز سے لطف اندوز ہوتے رہے،اس موقع پر ڈاکٹر یونس حیدری سیکرٹری یوتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے کے لئے ہم نے ملک بھر میں یوتھ کے لئے مختلف پروگرامز مرتب کئے ہیں ،تاکہ نوجوانوںکو جذبہ حب الوطنی کیساتھ اپنی صلاحیتوں کو اچھے انداز میں اجاگر کرنے کا موقع میسر آسکے،کراچی اور لاہور میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،انشااللہ اسی طرح ہم دیگر قومی دن کے مواقع پر بھی نوجوانوں میںمثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پروگرامز ترتیب دے رہے ہیں،کرکٹ ٹورنامنٹ میں فائل گنج بخش ٹاون کی ٹیم نے جیت فتخ اپنے نام کرلی،اور فاتح ٹیم کو دس ہزار روپے کیش اور ٹرافی اور ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموںمیں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کی۔
وحدت نیوز(گلگت) ضلع گلگت کی ستر فیصد پوسٹوں پر دوسروں اضلاع کے افراد قابض ہیں۔محکمہ تعلیم میں گلگت شہر کے مختص پوسٹوں پر دوسروں اضلاع کے آفیسران نے اپنے بیگمات کو دوسرے اضلاع سے گلگت لاکر ان خالی پوسٹوں پر فل کردیا ہے جس سے ضلع گلگت میں بیروزگار نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ اس صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ایڈجسٹمنٹ کو کینسل کرکے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کریں۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنما الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ایک عرصے سے اعلیٰ پوسٹوں پر متعین افسران کی جانب سے اپنی بیگمات کو ضلع گلگت کی خالی پوسٹوں پر ایڈجسمٹنٹ کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کئی پوسٹوں پر اپنی بیگمات کی درپردہ تعیناتی کی گئی ہے۔بااثر آفیسران کی جانب سے اپنے عزیزوں کو ایڈجسٹ کرنے کا یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو مقامی بیروزگار افراد میں احساس محرومی جنم لے گی اور بیروزگاری میں روز بروز اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت کے جذبات پیدا ہونے کا بھی اندیشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بیروزگای کے خاتمے کیلئے تمام اضلاع کا مخصوص کوٹہ ہے اور اگر اسی طریقے سے دیگراضلاع کے ساتھ زیادتی کی گئی تو کل پورے علاقے میں انارکی پھیلے گی جس سے علاقے کے عوام میں پائی جانیوالی وحدت پارہ پارہ ہوجائیگی۔لہٰذا وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اس زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ایڈجسٹمنٹس کو منسوخ کریں تاکہ حق دار کی داد رسی ہوسکے۔