وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی شوریٰ کا اجلاس ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری تعلیم برادر نثار فیضی نے جماعت کے اندر اداروں کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جماعتیں اور تحریکیں کامیابی سے سرفراز ہوتی ہیں جن کے فیصلہ ساز اور پالیسی ساز ادارے مضبوط ہوتے ہیں اور عہدیداران اداروں کی ڈائریکشن پر چلتے ہیں۔ انہوں نے ناصر ملت کے دورہ تفتان ، وزیر اعلی بلوچستان سے ملاقات پنجاب حکومت کے ساتھ جاری مزا کراتی عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجاع قیادت کی محنت اور اخلاص ثمر آور ثابت ہو رہا ہے اجلاس میں راولپنڈی بھر سے اراکین ضلعی شوری ، ضلعی اور تحصیل عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آمدہ محرم الحرام اور عزاداری سید الشہداء(ع) کے حوالے سے فیصلے کیے گئے ، تنظیمی کارکردگی پیش کی گئی اور آئندہ کے اہداف کا تعین کیا گیا۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی علامہ غلام محمد عابدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عزاداری سید الشہداء سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے تمام جلوس ہائے عزاداری اور مجالس عزا بھرپور حسینی جذبے کے تحت منعقد کی جائیں گی راولپنڈی بھر کے جلوسوں اور مجالس کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس ہائے عزاء کو قبل از وقت ختم کرنے کی کوشش عزاداری پر قدغن تصور کی جائے گی اور تمام جلوس اپنے مقررہ وقت پر ہی اختتام پذیر ہوں گے۔
اس موقع پر علامہ سید علی اکبر کاظمی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی کی سربراہی پر مشتمل چھ رکنی عزاداری سیل کا قیام عمل میں لایا گیا جوعزاداران کے مسائل کے حل کیلئے ایام عزا کے دوران 24 گھنٹے کام کرے گا۔ عزاداری سیل میں علامہ غلام محمد عابدی، ابتہاج نقوی، سید اظہر حسین کاظمی ، ناصر حسین وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خیر العمل کے برادر محمد علی نے کہا کہ شعبہ خیر العمل کی جانب سے جلوس ہائے عزاداری میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس لیڈر ناصر حسین بلتی نے اجلاس کو بتایا کہ اسکاؤٹس اور شعبہ جوان جلوس ہائے عزاء کی سیکیورٹی کیلئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں اور جہاں بھی بانیان نے ہمیں سیکیورٹی کیلئے کہا ہم اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عزارادی کے ہر ممکن تحفظ کی کوشش کریں گے۔ اجلاس میں مزید یونٹس کے قیام اور تنظیمی فعالیت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔