وحدت نیوز(علی پور) مجلس وحدت مسلمین علی پور کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس امام بارگاہ مہاجرین علی پور میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی نے خصوصی طور پر شرکت کی، ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں 19یونٹس کے اراکین اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونٹس کی جانب سے اپنی مختصر کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں سینیئر رہنماؤں سید زعیم زیدی، شاکر حسین زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید رضوان حیدر کاظمی بھی موجود تھے۔
اجلاس میں نئی ضلعی کابینہ کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہے، کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کی محفوظ طریقے سے بیرون ملک منتقلی سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، اگر احسان اللہ احسان محفوظ طریقے سے بیرون ملک منتقل ہوسکتا ہے تو بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جیل کے قیدی شام بھی منتقل کیے جاسکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی حکومت تذبذب کا شکار ہے کل تک جن معاملات پر اسمبلی میں اسٹینڈ لیتے تھے آج وہی اقدامات خود کررہے ہیں۔ حکومت نے مسئلہ کشمیرکے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد میں ضلع جیکب آباد کی تمام شیعہ تنظیموں اداروں اور ماتمی انجنوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اتحاد وہ مقدس ہوتا ہے جس کے اہداف مقدس ہوں۔ ملت جعفریہ کو عظیم الہی اھداف کے لئے متحد ہونا چاہئے قرآن کریم نے امت مسلمہ کو اللہ کی رسی پر اتحاد کی دعوت دی ہے۔ وہ اتحاد مقدس نہیں ہوتے جن کے اھداف نا مقدس ہوں لہذا کفن چوروں کے اتحاد کو مقدس نہیں کہا جاسکتا جس طرح آج 39 ملکی نام نہاد فوج یمن کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف متحد ہو کر حملہ آور ہے۔انہوں نےکہا کہ آج پوری دنیا میں تشیع نائب امام ولی فقیہ رھبر حضرت آقا سید علی خامنہ ای کی اطاعت پر متحد ہے جو دنیا بھر کے یزیدیوں کے مقابل سینہ سپر ہیں۔
انہوں نےکہا کہ کشمیر کا مسئلہ ٹرمپ کی ثالثی سے حل نہیں ہوگا۔ بلکہ امت مسلمہ متحد ہو کر کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے حق میں آواز بلند کرے۔ پاکستان کشمیر کی آزادی کی حمایت میں دنیا بھر کے مسلمان علماء اکابرین اور سیاسی زعماء کی عالمی کانفرنس بلائے۔انہوں نےکہا کہ کالعدم تکفیری گروہ کی سرگرمیوں پر ہمیں تشویش ہے سندھ کے بعض اضلاع میں کالعدم تکفیری گروہ کے جلسے مذھبی منافرت کو ہوا دے رہے ہیں حکومت کالعدم تنظیموں کی نفرت انگیز سرگرمیوں کو روکے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایران میں کرونا وائرس کی رپورٹ کے بعد بلوچستان حکومت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتان بارڈر کی بندش سے ایران میں موجود پاکستانی زائرین شدید مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مقامات مقدسہ کا براستہ سڑک سفر کرنے والے زائرین کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے اور ان کے وسائل محدود ہوتے ہیں۔ایران میں قیام اگر طوالت اختیار کرلیتا ہے تو انہیں رہائش اور طعام جیسی مشکلات کا یقیناًسامنا ہو گا۔ان زائرین کو بے یارومددگار نہ چھوڑا جائے۔ ایران میں موجود پاکستانی سفارت خانے کو ان زائرین کی مدد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خاطر خواہ انتظامات کرنے ہوں گے۔ایران میں موجود پاکستانی زائرین کے لیے امدادی سرگرمیاں موجود حالات کا تقاضہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کو بنیاد بنا کر مقامات مقدسہ جانے والے زائرین کی آمدورفت کو وقتی ضرورت کے تحت موخر تو کیا جا سکتا ہے لیکن اسے بے جا طوالت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان سے ایران،عراق جانے والے زائرین پر پابندی کو تمام پہلوؤں سے بغور دیکھا جارہا ہے۔پاکستان ہر شہری کی صحت و سلامتی بلاشبہ مقدم ہے لیکن ان تمام امور میں نیک نیتی شرط اول ہے۔دنیا کے باقی ممالک سے اگر ایران میں آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو پھر پاکستانی حکومت کو بھی اپنے فیصلہ پر فوری طور پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور کی جانب سے چیمبر آف کامرس لاھور میں ولادت جناب سیدہ فاطمة الزھرا سلام اللہ علیھا کی مناسبت سے یوم مادر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ،کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والی خواتین پھولوں کے گلدستہ لیے ھال میں داخل ھوئیں اور جناب زھرا سلام اللہ علیھا سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا ۔
اس عظیم الشان کانفرنس میں لاھور کی مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی جن میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور ایم پی اے محترمہ سیدہ زھرا نقوی ، بیگم گورنر پنجاب محترمہ پروین سرور ،میڈیا پرسن محترمہ عروج ناصر اور والدہ محترمہ کیپٹن یاسر عباس شھید ،محترمہ لبنی زیدی ، اور محترمہ ثروت شجاعت نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا ۔
مقررین نے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کے مقام و منزلت، سیرت و کردار نیز دور حاضر میں بی بی کی آفاقی شخصیت کو کیسے اپنے لیے نمونہ عمل قرار دیں جیسے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا علاوہ ازیں کانفرنس میں دیگر خواتین اراکین اسمبلی ، مختلف سماجی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین ، معلمات اور ذاکرات ، میڈیا نمائندگان ، اور ضلع لاھور کے تمام یونٹس کی جانب سے بھرپور شرکت کی گی اس موقع پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور محترمہ سیدہ حنا تقوی صاحبہ نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔
یاد رہے کہ چیمبر کامرس آف لاھور میں اس نوعیت کا یہ پہلا پروگرام منعقد ہوا،محترمہ حنا تقوی نے اراکین اسمبلی اور بیگم گورنر کے سامنے چند مطالبات پیش کیے جس میں حکومت سے پہلا مطالبہ یہ کیا گیا کہ بیس جمادی الثانی یوم ولادت دختر رسول سیدة النساء العالمین حضرت فاطمة الزھرا سلام اللہ علیھا کو ملکی سطح پر یوم مادر کے طور پر منایا جائے ، دوسرا مطالبہ عید مباھلہ گورنر ھاؤس میں منانے کی اجازت دی جائے اور تیسرا مطالبہ یہ پیش کیا گیا کہ جیسے حکومت کی جانب سے بسنت ختم کی گئی ہے اسی طرح ویلنٹائن جیسی بیہودہ ثقافت کے منانے پر پابندی عائد کی جائے۔
جس پر بیگم گورنر محترمہ پروین سرور نے ان مطالبات کو حکومت کے ذمہ داران تک پہنچانے کی یقین دھانی کروائی، کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور کی تمام اراکین نے بھرپور میزبانی کے فرائض سر انجام دیے اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے دعائیہ کلمات اور مہمانان و کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ھوئے کانفرنس کا اختتام کیا۔
وحدت نیوز: انجمن حسینہ خواجگان نارووالی کی جانب سے قومی مرکز شاہ جمال کے مقام پر جشن ولادت جناب فاطمہ زھرا سلام اللہ کا انعقاد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جشن سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انھوں نے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کے قیام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بی بی دو عالم نے تن تنہا معاشرے میں منکرات کے خلاف قیام کیا جناب سیدہ س کا یہ قیام نہ فقط خواتین کے لیے بلکہ مردوں کے لیے بھی نمونہ عمل ہے کہ جب دین پامال ہو رہا ہو اور حق غصب کیا جا رہا ھو تو اپنا فریضہ انجام دو چاہے معاشرہ تمہارے خلاف ہوجائے لیکن دین کے دفاع کے لیے قیام کرو اس پر رونق محفل میں جامعہ اھلبیت رجوعہ سادات کی طالبات نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔
وحدت نیوز (کراچی) علامہ باقر زیدی نے جماعت اسلامی کے سینئر رہنماء اور سابق سٹی ناظم نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر پسماندگان سے تعزیت کا اظہاکرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نعمت اللّٰہ خان کی رحلت سے کراچی کے عوام ایک عظیم اور انسان دوست شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں۔نعمت اللہ خان کی ملک و قوم خصوصاً شہر قائد کے لئے بیش بہا خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ مرحوم نعمت اللہ خان نے پوری زندگی ملک و قوم باالخصوص شہر قائد کے عوام کی بے لوث خدمت کی۔شہر قائد کے سٹی ناظم ہونے کی حیثیت سے کراچی میں ہونے والے ترقیاتی کام خصوصاً شہر کے مختلف علاقوں میں عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے پراجیکٹس مرحوم نعمت اللہ خان کو عوام کے دل میں ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک مخلص اور انسان دوست شخصیت تھے، انھوں نے شہر کراچی کے مفلوک حال عوام کے لئے بڑی خدمات انجام دیں۔بے روزگاروں کے لئے مناسب روزگار کا انتظام ہو یا نادار اور یتیم بچیوں کی شادی کے لئے دست شفقت رکھنا،صاف پانی کی فراہمی ہو یا بھوکے اور بے گھر افراد کی کفالت کرنا یہ سب مرحوم نعمت اللہ کی مخلصانہ زندگی کا ایک اہم اور ناقابل فراموش پہلو ہے۔
علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے فرمان پر بروز جمعۃ الوداع یوم القدس کا انعقاد ہو یا عالمی دہشتگرد شیطان بزرگ امریکہ مردہ باد ریلی ہو، ماہ مبارک رمضان ہو یا ایام عزاء ، مرحوم نعمت اللہ خان اپنی خدمات انجام دینے کے حوالے سے عوام کے درمیان موجود رہے.فرقہ واریت اور لسانیت کے خاتمے اور ملک و قوم کو عالمی استعمار کے مکروہ فریب سے محفوظ رکھنے کے لئے نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی کوششوں کو کبھی فراموش نھیں کیا جا سکے گا۔
علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے سینئر رہنماء اور سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی المناک رحلت پر مجلس وحدت مسلمین کی قیادت،کارکنان اور پوری ملت جعفریہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان،جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔علامہ باقر زیدی نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم نعمت اللہ خان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔