فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے جی بی الیکشن کو مشکوک قرار دیدیا

24 June 2015

وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) فافین نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے 1151 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 700 پولنگ اسٹیشنوں پر 183 تربیت یافتہ مبصر تعینات کر دیئے تھے، انہیں ووٹنگ اور کاونٹنگ کے حوالے سے تکنیکی پہلووں پر تربیت دی گئی تھی، ایک مبصر کو کم از کم چار پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی کا کام سونپ دیا گیا تھا، تاہم انتخابات کے اہم ترین اور حساس ترین مرحلے میں انہیں پولنگ بوتھ سے باہر رکھا گیا اور حقائق تک رسائی حاصل کرنے نہیں دی۔
 
رپورٹ: میثم بلتی

8 جون 2015ء کو گلگت بلتستان میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے منظم اور پرامن طریقے سے ووٹ ڈالے، تاہم ووٹوں کی گنتی اور نتائج مرتب کرنے کے عمل سے صحافیوں اور مبصرین کو دور رکھا گیا۔ گلگت بلتستان میں مختلف مقامات بالخصوص دیامر میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی، عالمی اور غیر ملکی مبصرین کا وجود نہیں تھا، یہ باتیں کسی نون لیگ مخالف جماعت کے رہنما کی جانب سے نہیں اٹھائی گئی بلکہ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافین) کی جانب سے جی بی انتخابات کے بعد تیار کی گئی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہیں۔ فافین کی مکمل رپورٹ کو تاحال میڈیا پر آنے سے روک دیا گیا ہے، اسکے باوجود جو رپورٹ انہوں نے میڈیا کو جاری کر دی ہے، وہ گلگت بلتستان کے انتخابات کو مشکوک بنانے کے لئے کافی ہے اور اس سے اندازہ ہوتا کہ انتخابات کو مکمل صاف و شفاف نہیں کہا جاسکتا، ورنہ انتخابی نتائج اور رپورٹ مرتب کرتے وقت مبصرین کو ساتھ رکھنے میں کیا قباحت تھی۔

فافین کی رپورٹ کے مطابق انتخابی عمل کو دیکھنے کے لئے گلگت بلتستان میں علاقی اور ملکی سینکڑوں مبصرین اور صحافیوں کو الیکشن کمیشن کی طرف سے کارڈ جاری کئے گئے، لیکن ووٹوں کی گنتی کے دوران اور نتائج مرتب کرنے کے عمل میں مبصرین اور صحافیوں کو دور رکھا گیا، مبصرین کو ووٹوں کی گنتی کے عمل کو دیکھنے سے بھی روکا گیا اور فافین کے کم از کم تیس مبصرین کو  پولنگ کے عملے اور سکیورٹی فورسز نے روکے رکھا اور انکے ساتھ بدسلوکی بھی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق فافین کے مبصرین کو سب سے زیادہ رکاوٹ ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران پیش آئی۔ نتائج کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے بعض مقامات میں خواتین کو انتخابی عمل سے دور رکھا اور انہیں ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رکھا گیا۔ ضلع دیامر میں بالخصوص داریل کے علاقے میں تمام تر حکومتی اقدامات اور دعووں کے باوجود خواتین کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی طرف بھی نشاندہی کی ہے کہ انتخابات کے دوران عالمی مبصرین کو بھی دور رکھا گیا اور اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافین) کی رپورٹ میں اس بات کی طرف بھی نشاندہی کی ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابی عمل میں یہ بھی ایک حقیقی مسئلہ تھا، جس کے باعث حقیقی منیڈیٹ کے ذریعے حکومت نہیں بن سکتی وہ ہے ہزاروں افراد گلگت بلتستان سے باہر ملک کے دوسرے شہروں میں آباد ہیں اور اس علاقے کا حصہ ہیں، لیکن وہ واپس آنے اور یہاں ووٹ ڈالنے سے قاصر تھے۔ اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان سے کم و بیش دو لاکھ افراد گلگت بلتستان سے باہر ملک کے مختلف مقامات پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور وہ سفری اخراجات برداشت نہ کرسکنے کے سبب انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے ہیں، جسکے باعث اس جمہوری عمل میں رخنہ پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ فافین نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے 1151 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 700 پولنگ اسٹیشنوں پر 183 تربیت یافتہ مبصر تعینات کر دیئے تھے، انہیں ووٹنگ اور کاونٹنگ کے حوالے سے تکنیکی پہلووں پر تربیت دی گئی تھی، ایک مبصر کو کم از کم چار پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی کا کام سونپ دیا گیا تھا، تاہم انتخابات کے اہم ترین اور حساس ترین مرحلے میں انہیں پولنگ بوتھ سے باہر رکھا گیا اور حقائق تک رسائی حاصل کرنے نہیں دی۔ ابھی تک میڈیا اور دیگر ذرائع سے باہر آنے والی فافین کی رپورٹ مجموعی طور پر شفاف الیکشن پر سوالیہ نشان ہے، تاہم مکمل رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد مزید حقاق سامنے آئیں گے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات کی شفافیت کے اعتبار سے مرتب ہونے والی رپورٹ کو مکمل طور پر منظر عام پر لانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

 

 



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree