داعش کی شکست در اصل امریکاو اسرائیل کی شکست

21 November 2017

وحدت نیوز(آرٹیکل) داعش نامی گروہ کہ جس کا پہلی مرتبہ نام شام میں سنہ2011ء کے وسط میں سنا گیا تھا اور اس گروہ کا نعرہ تھا کہ شام و عراق میں اسلامی خلافت کا نظام قائم کرنا۔اس اسلام کے نام لیوا گروہ نے شام میں مسلح جد وجہد کا آغاز ایسے وقت میں کیا کہ جب تیونس سمیت مصر اور دیگر عرب ممالک میں اسلامی بیداری کی لہر عروج پر تھی اور اس گروہ کے منظر نامہ پر آنے کے بعد جہاں ایک طرف اسلامی بیداری کی تحریک کو نقصان پہنچا وہاں ساتھ ہی عالم اسلام اور بالخصوص اسلام کے خوبصورت چہرے کو ایک مرتبہ پھر بری طرح مسخ کرتے ہوئے اسلام کو مجموعی طور پر دنیا کے سامنے بدنام کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی ،داعش نے شام و عراق میں دولت اسلامیہ یعنی اسلامی خلافت کے نظام کی بنیاد ڈالنے کا نعرہ لگایا لیکن اس داعش نامی گروہ کا ہر فعل اسلام اور اسلامی خلافت کے اصولوں کے بر عکس جاتا رہا۔بہر حال یہ دہشت گرد گروہ سنہ2011ء سے شام میں تباہ کن بربادی شروع کرنے کے بعد سنہ2014ء میں عراق میں داخل ہوا، اسی طرح سنہ 2016ء میں لبنان کے جنوبی و شمالی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے کی کوشش کی تا کہ پورے خطے کو نقصان پہنچا یا جائے ، اب ذرا غور کیجئے کہ ا س خطے میں سب سے زیادہ اہم اہداف کس ملک کے ہیں؟ مختصر تاریخ کا مطالعہ اور تحقیق کے بعد ہر ذی شعور اس نتیجہ پر پہنچ جاتا ہے کہ اس خطے کا غیر مستحکم ہونا در اصل امریکا اور براہ راست اسرائیل کے مفاد میں ہے اور یہی کام داعش کے ذمہ لگا کر امریکا اور اسرائیل نے انہیں پہلے شام پھر عراق اور بعد میں لبنان میں اتارا، اب حالیہ تازہ خبروں کے مطابق انہی چند ایک بچے کھچے دہشت گردوں کو امریکی و صیہونی حمایت میں افغانستان تک پہنچایا گیا ہے تاکہ اگلا ہدف افغانستان اور پھر اسی طرح پاکستان میں موجود داعش کے سلیپنگ سیلز کو جگانا اور پاکستان کو انارکی کی طرف لے جانا ہے ۔(خاکم بدھن)تحریر کے آغاز میں بیان کرنا ضروری ہے کہ آج تا دم تحریر ذرائع ابلاغ پر یہ خبریں نشر کی جا رہی ہیں کہ داعش نامی دہشت گرد گروہ کا شام و عراق سے مکمل خاتمہ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔یہ تحریر اسی پیراہے میں لکھی جا رہی ہے تا کہ قارئین کی خدمت میں عرض کی جا سکے کہ آخر یہ داعش نامی دہشت گرد فتنہ کس طرح اسلام و مسلمین کے خلاف سرگرم عمل تھا اور اپنے غیر ملکی آقاؤں امریکا و اسرائیل کی خوشنودی کی خاطر مسلمانوں کا خون بہانے میں مصروف تھا۔

بہر حال داعش کے وجود نے نہ صرف عرب دنیا میں اسلامی انقلابی بیداری کو امریکی ایماء پر متاثر کیا بلکہ مصر میں قائم ہونے والی اسلامی حکومت کا تختہ الٹنے کا زمینہ بھی فراہم کیا، لیبیا میں عدم استحکام پیدا کرنے اور امریکی بالا دستی قائم کرنے میں داعش کا کردار سر فہرست تھا،دوسری طرف شام و عراق میں معصوم انسانوں کے خون سے بد ترین انداز سے ہولی کھیلی جاتی رہی جس کی تاریخ میں اس سے زیادہ بد ترین مثالیں نہیں ملتی ہیں۔خلاصہ کلام یہ ہے کہ امریکی ایماء پر خطے میں اسلامی بیداری کا راستہ روکنا اور خطے میں امریکا اور اسرائیل کے اہداف کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور اسرائیل کے آنکھ میں کانٹے کی طرح چبھنے والی لبنانی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور فلسطینی حماس کو بھی ختم کرنا تھا جسے امریکا و اسرائیل گذشتہ کئی برس کی ناپاک سازشوں کے ذریعے انجام نہیں دے پائے تھے۔

داعش کے وجود اوراس کے دہشت گردوں کے ہاتھوں ہونے والی سفاکانہ کاروائیوں نے اوائل اسلام او ر اسلام کی آمد کے زمانے کے حالات کو تازہ کر دیا تھا کہ جب مشرکین و کفار اسلام کے خلاف سازشیں کرتے نظر آتے تھے اور منافقین مسلمانوں کی صفوں میں چھپ کر اسلام کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں ہی کی پیٹھ میں خنجر گھونپ دیا کرتے تھے، جیسا کہ پیغمبر اکرم (ص) کے چچا سید الشہداء امیر حمزہ (رض) کی لاش کا مسلہ کیا جانا اور ہندہ کا ان کا جگر نکال کر چبانا ، ایسے ہی واقعات داعش کے اس خوارجی گروہ کے ہاتھوں انجام پذیر ہوئے تقریبا 6 سال قبل ٹھیک اسلام کے اوائلی زمانے کی طرح ایک خطرناک فتنہ کھڑا کیا گیا جس کے پیچھے اسلام دشمن عناصر بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے ایک ویرانگر فتنہ پورے عالم اسلام میں پھیلانے کی کوشش کی گئی جس کو داعش کا نام دیا گیا تھا۔اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ امریکا و اسرائیل کی جانب سے داعش کو اس لئے وجود بخشا گیا تا کہ پورے عالم اسلام میں نفاق اور فرقہ واریت کو ہوا دی جائے جبکہ دوسری طرف دنیا کے مسلمانوں کی مسئلہ فلسطین و القدس کی طرف بڑھتی ہوئی توجہ کو ختم کیا جائے تا کہ صیہونیوں کے خلاف کم سے کم مزاحمت سامنے آئے ۔داعش کا وجود اس لئے قیام عمل میں لایا گیا تھا تا کہ اسلامی ممالک میں مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جائے اور داعشی دہشت گردوں نے ابتداء میں عراق اور شام کے ہزاروں جوانوں کو تہہ و تیغ کرکے اس ممالک کے شہروں اور دیہاتوں سمیت ہزاروں مربع کلومیٹر پر قبضہ جمالیا تھا اور ہزاروں سڑکیں، پل، ورکشاپس، فیکٹریاں، تیل اور گیس کے متعدد ذخائر، اسکول، ہسپتال، رہائشی مکانات اور بنیادی ڈاھانچے مکمل طور پر تباہ کردئیے گئے تھے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ سب تباہ کاریوں کی انہیں اسلام محمدی نے اجازت دی تھی ؟ ہر گز نہیں اسلام محمدی ہر گز ایسا اسلام نہیں ہے کہ جس کا چہرہ داعش کے دہشت گردوں نے پیش کیا۔

عراق اور شام میں داعش کی جانب سے کی جانے والی تباہ کاریاں اس قدر زیادہ ہیں کہ ان کا حسا ب لگانا انتہائی مشکل کام ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق کم ازکم 500 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ داعش دہشت گردوں کے مظالم قابل بیان نہیں ہیں، دہشت گردوں نے درندگی کی انتہا کردی تھی جیسے چھوٹے چھوٹے بچوں کا سرقلم کرنا، زندہ انسان کی کھال اتارنا، مردوں کو ان کی ناموس کے سامنے زندہ جلانا، جوان لڑکیوں کو اغوا کر کے خرید وفروش کرنا وغیرہ۔ عراق اور شام کے مظلوم عوام داعشی سفاکانہ مظالم کے سامنے بالکل بے بس ہوکر گھر بار سب کچھ چھوڑ کر دوسرے علاقے اور ملکوں کی طرف ہجرت کی اور جو نہ جاسکے ان کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔داعشی دہشت گردوں نے جس علاقے میں قدم رکھا وہاں کی تمام آثار قدیمہ، مساجد، امام بارگاہوں، چرچ سمیت دیگر مذاہب کے عبادت گاہوں کو بموں سے اڑا دیا جس میں ہزاروں بے گناہ نمازی اور عبادت گزار شہید ہوگئے۔

داعش نے 6 ہزار سے زائد مسلم نوجوانوں کو اسلام کے نام پر فریب دے کر خودکش حملے کروائے جس میں مساجد، مدارس، طبی مراکز، مسلمانوں کے عمومی اجتماعات کے مراکز، فیکٹریاں وغیرہ کو نشانہ بنایا گیا اور ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں مسلمان جام شہادت نوش کرگئے۔ان تمام تر ظلم و تشدد کے پیچھے امریکی حکام کا ہاتھ تھا جیسے کہ حال ہی میں امریکی اعلی عہدہ دار( صدر ٹرمپ) نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ داعش کو امریکی سابق حکمرانوں نے بنایا۔ اب بھی امریکی داعش کی بھرپور مدد کررہے تھے۔

خلاصہ یہ ہے کہ داعش کا آج اکیس نومبر 2017ء کو شام وعراق سے خاتمہ کا اعلان کیا گیا ہے درا صل یہ اعلا ن داعش کی شکست کا نہیں بلکہ امریکا و اسرائیل کی شکست کا ہے کہ جنہوں نے داعش کی پرورش کی اور اپنے مقاصد کی خاطر استعمال کرتے ہوئے اسلام و مسلمین کے خلاف سازشوں کا بازار گرم کیا، ہزاروں بے گناہوں کا قتل عام کیا، اس جرم میں جہاں امریکی و صیہونی شریک ہیں وہاں خطے کی خلیج عرب ریاستوں نے بھی امریکا کے ساتھ عہد وفا نبھاتے ہوئے داعش کی مالی و مسلح معاونت سمیت افرادی قوت پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے جس کی قلعی حالیہ دنوں قطری شہزادے حمد بن جاسم نے بی بی سی کو دئیے اپنے ایک انٹر ویو میں کھول دی ہے اور بتا د یا ہے کہ داعش کو امریکا و اسرائیل کے ساتھ ساتھ ترکی، قطر، سعودی عربیہ اردن اور دیگر کئی خلیج ریاستیں مدد فراہم کر رہی تھیں، بہرحال اب شام و عراق سے اس فتنہ کا خاتمہ یعنی امریکا و اسرائیل کو ایک اور شکست کا سامنا ہو اہے جو یقیناًداعش کی شکست نہیں بلکہ امریکا و اسرائیل کی شکست ہے۔

ماہرین سیاسیات کا کہنا ہے کہ داعش کی شکست کے بعد اس کے حامی (امریکا و اسرائیل )نئے منصوبوں پر کام کریں گے۔ شام وعراق میں داعش کا قیام در اصل گریٹر اسرائیل کی تشکیل اور علاقائی ممالک کی سرحدوں کی توڑ پھوڑ کے لئے بنایا گیا تھا جسے براہ راست امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب سمیت دیگر عرب حکومتوں کی حمایت حاصل تھی۔ ان عرب ممالک نے عراق اور شام کی تباہی کے لئے اربوں ڈالر صرف کئے ہیں۔ داعش کی شکست درحقیقت امریکہ، اسرائیل اورتمام ایسے عرب حکومتوں کی شکست ہے جو داعش کی حمایت کر رہے تھے،لہذا مذکورہ ممالک داعش کی شکست کے بعد خطے کے امن کو تباہ و برباد کرنے کے لئے نئے منصوبوں پر کام کریں گے۔ لہذا ان کے شوم منصوبوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔


تحریر۔۔۔ صابر ابو مریم



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree