وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید شاہد شیرازی کے جنازے میں پیش آنیوالا واقعہ افسوس ناک، عبرت ناک اور قابل مذمت واقعہ ہے، لیکن اس واقعہ کی آڑ میں جس طرح سوشل میڈیا پر ملت کی تذلیل، تہمت اور الزام تراشی کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا، اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس اقدام سے علماء کی بےاحترامی اور بڑھی ہے اور مکتب تشیع میں اختلافات پیدا کرنے کی سازش کی گئی ہے، جو کہ افسوسناک عمل ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے ایک بزرگ عالم دین نے اپنی تحقیقات کے نیتجے میں کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید شاہد شیرازی کے جنازے میں پیش آنے والے واقعے میں کسی تنظیم کا کوئی ہاتھ نہیں ہے، اس بزرگ عالم دین کے مطابق اس واقعہ کے ذمہ دار عام لوگ تھے، جنہوں نے قابل مذمت اقدام کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام عاشقان اہلبیت (ع) سب سے اپیل کی ہے کہ آپس میں الجھاو پیدا نہ کریں اور سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈا مہم کو سب مل کر فی الفور روکیں اور ناکام بنائیں۔