وحدت نیوز(خیر پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے خیرپور میں لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کی تیاریوں میں مصروف علماء کرام اور کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے سندھ کے اضلاع ماتلی، قاضی احمد، تلہار سمیت مختلف شہر احتجاجاً بند کر دئیے گئے ہیں اور سندھ بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا دائرہ فوری طور پر وسیع ہوگیا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں بھی شام پانچ بجے نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اگر گرفتار کئے گئے علماء کرام اور کارکنان کو فوری طور پر رہا نہیں کیا گیا اور لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے دفاتر کا گھراﺅ کیا جائے گا اور حالات کی تمام تر ذمہ داری آصف زرداری، قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی پر عائد ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیر پور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا ۔