وحدت نیوز(حافظ آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری کا حافظ آباد اور ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ، دونوں اضلاع میں کارکنوں اور شہریوں کی جانب سے بھرپور استقبال اور اجتماعات سے خطاب، دورے کی میزبانی صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ حافظ آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ ملک کے طول و عرض میں جاری دہشت گردی کے ذمہ دار موجودہ حکمران اور طالبان نواز وہ جماعتیں ہیں جو ان خوارج دہشت گردوں کو محب وطن قرار دیتے رہے۔ انہوں نے کراچی میں جاری شیعہ نسل کشی کا ذمہ دار سندھ حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہم اپنے جگر گوشوں کے خون سے ہولی کھیلنے نہیں دینگے، اب سندھ حکومت کو مزید مہلت نہیں دے سکتے، پاکستان کے معاشی شہ رگ کراچی میں ایک منظم منصوبہ بندی کے ساتھ شیعہ نسل کشی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہر تعلیم ،ڈاکٹرز، انجیئنرز، وکلا، تاجر اور مزدور پیشہ افراد کا قتل عام کیا گیا اور حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ریاستی ادارے اور نااہل حکمران بتائیں کیا یہاں بندوق اُٹھانے والوں کو ہی امان ملے گی؟ اُن کا کہنا تھا کہ حالات ایسے رہے تو سندھ کے حکمرانوں کے خلاف سیاچن سے لے کر گوادر تک اُٹھ کھڑے ہونگے، ان ظالموں اور ملک دشمنوں کے لئے زمین تنگ کر دینگے۔
ننکانہ صاحب میں عوامی استقبال اور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے راولپنڈی، چکوال اور خوشاب میں راولپنڈی پولیس کی صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کے ایما پر غنڈہ گردی، خواتین اور معصوم بچوں کو ہراساں کرنے اور بے گناہوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت طالبان اور کالعدم دہشت گرد جماعت کی خوشنودی کے لئے ملت جعفریہ کے خلاف کھل کر سامنے آچکی ہے کالعدم جماعت کی آپس کی لڑائی اور قتل و غارت گری کو بہانہ بنا کر بے گناہ شیعہ افراد کو ہراساں کیا جا رہا ہے، راولپنڈی پولیس کی یکطرفہ کاروائی کا مقصد دہشت گردوں اور اُن کے سرپرستوں کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔