وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں چوبیس گھنٹے کے دوران دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں سینئر صحافی آفتاب عالم اور جیو نیوز کے انجینئر ارشد جعفری کی ٹارگٹ کلنگ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادی کے افراد کو یوں نشانہ بناکر حق و سچ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔دہشت گرد عناصر خواہ کسی بھی روپ میں ہوں ان کے خلاف حق وصداقت کے علمبردار اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔کراچی میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اپنے منطقی انجام سے قبل کسی صورت ختم نہیں ہو گا۔کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں کالعدم مذہبی جماعتیں ملوث ہیں۔ان جماعتوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جانا چاہیے جو نام بدل کر فرقہ وارنہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔حکومت سیاسی مصلحتوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنائے۔ماضی میں سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پورے ملک کو ان قوتوں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا جو کھلم دہشت گرد عناصر کی حمایت کرتے رہے جس سے ملک دشمن عناصر کے حوصلوں کو تقویت ملی۔کراچی میں امن و امان کے حقیقی قیام کے ایسے تمام عناصر کے خلاف بلا تخصیص اور فوری کاروائی انتہائی ضروری ہے۔