ملک بھر کی شاہراہیں جام کرکے ملت جعفریہ نے علامہ راجہ ناصرعباس کی جدوجہد سے تجدید عہد وفا کیاہے،علامہ حسن ظفر نقوی

23 July 2016

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر ملت تشیع کی طرف سے فیض آباد انٹر چینج پر دھرنا دیا گیا اور ٹریفک کی آمد و رفت کو تمام اطراف سے روک دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے کی۔ ان کے علاوہ علماء و کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ملت تشیع نے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم بیدار قوم ہیں اور حق کی آواز پر لبیک کہنے کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں۔ آج کا یہ دھرنا علامتی دھرنا ہے۔ 7 اگست کو ملک کے تمام شہروں سے لوگ اسلام آباد کی طرف رُخ کریں گے اور عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اہل تشیع پر حکومتی مظالم، ملک میں بڑھتی ہوئی عدم تحفظ کی فضاء اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر حکومت کی دانستہ غفلت نے آج ہمیں شاہراہوں پر نکلنے کے لئے مجبور کر دیا ہے۔ ہمارے قائد علامہ ناصر عباس جعفری 70 روز سے ایک بھوک ہڑتال کیمپ میں بیٹھ کر پُرامن اور خاموش احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکمران ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ملک بھر کی شاہراہیں جام کرکے ملت جعفریہ نے علامہ راجہ ناصرعباس  کی جدوجہد سے تجدید عہد وفا کیاہے۔

علامہ حسن ظفرنقوی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی آڑ میں شخصی آمریت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہم اپنے ساتھ حکومت کی طرف سے تیسرے درجے کے شہریوں کا سلوک برداشت نہیں کریں گے۔ ہمارے ملک پر قابض حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں۔ ان کی گردنوں میں اتفاق فاونڈری کا سریا ہے۔ ہم ان ظالموں کا تعاقب جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک بھی مطالبہ ایسا نہیں جو قوم و ملک کے مفادات کے منافی ہو۔ ہم دہشتگردوں اور ان کے پشت پناہوں کے خلاف آپریشن چاہتے ہیں۔ ہم ایسے پاکستان کے متلاشی ہیں، جہاں تمام مذاہب و مسالک کو مذہبی آزادی حاصل ہو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پارا چنار میں بااختیار ادارے کے اہلکاروں کی طرف سے مظلوم افراد کے سروں میں گولی مارنے کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اس ملک میں لاتعداد سانحات کو جنم دیا ہے۔ جن کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے آسرا ہوچکے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دہشتگردی میں ملوث افراد کے مقدمات کو فوجی عدالتوں کے حوالے کیا جائے۔ حکومت بتائے کہ ہمارا کونسا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج ہمارے ذمہ دار قوم ہونے کی دلیل ہے۔ ہم اس ملک کے محب وطن شہری ہیں اور ہمیشہ حب الوطنی کا حق ادا کیا ہے۔ اس ملک کو قائد و اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر بنا کر دم لیں گے۔ جب تک ملک دشمن طاقتوں اور پاکستان کے خلاف سازشوں کا خاتمہ نہیں ہوتا، تب تک اس ملک کے باوفا بیٹے چین سے نہیں بیٹھے گے۔ فیض آباد انٹر چینج پر ہونے والے احتجاج میں علامہ حسنین گردیزی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ علی اکبر کاظمی، علامہ ظہیر سبزواری، علامہ مرزا حسین صابری، علامہ نیاز حسین بخاری، علامہ سخاوت علی قمی، علامہ اعوان علی شاہ، علامہ غلام محمد عابدی، ملک اقرار حسین اور نثار فیضی کے علاوہ دیگر مرکزی رہنماوں نے بھی شرکت کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree