وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں تیس سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی جارحانہ کاروائی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ بھارت طاقت کے بل بوتے پر آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ تسلط ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں اور بین الاقوامی اداروں کواپنا کردار ادا کرنا ہو گا،نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم پر حکومت پاکستان سمیت عالمی طاقتوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،مقبوضہ کشمیر پر ہندوستانی جارحیت نے خطے کو سنگین خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی حمایت میں بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے۔جس پر ہندوستانی ریاست نے کشمیری شہریوں کی مرضی کے خلاف زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرنے والے شہریوں کو بھارتی فوج گولیوں کو نشانہ بنا دیتی ہے جو ریاستی غنڈہ گردی ہے۔ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے پاکستان کو سفارتی سطح سمیت تمام عالمی فورمز پر اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہو گا تاکہ کشمیر کے مظلوموں کو اس ظلم و بربریت سے نجات مل سکے۔علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی کے سنگین ترین واقعات عالم اقوام کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔عالم اسلام کے خلاف واویلا کرنے والی متعصب عالمی قوتوں کو بھارتی جارحیت پر بھی آوا ز بلند کرنی چاہیے ۔