وحدت نیوزاسلا م آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغرعسکری نے سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں پولیس فائرنک سے بار ایسوسی ایشن کے صدررانا خالد عباس اور ان کے وکیل ساتھی کے جاں بحق ہونے پرغم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون لاہور کے ذمہ داروں پر اگر مضبوط ہاتھ ڈالا جاتا تو پولیس اس بربریت کا دوبارہ حوصلہ نہ کرتی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو عدالتی اختیارات دے رکھے ہے تا کہ وہ جسے چاہے جہاں چاہے سزائے موت سنا دے۔ پنجاب پولیس کو حکومت محض اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو مستحکم رکھنے اور مخالفین پر دباو ڈالنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔عوام کے جان و مال کے تحفظ سے اسے کوئی سروکار نہیں۔ ۔قومی سلامتی جیسے اہم امور پر توجہ دینے کی بجائے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا جا رہا جس کے باعث پورے صوبے میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں۔ انہوں نے اس پولیس گردی کی شدید مذمت کی ہے اور مرحومین کے اہل خانہ اور ڈسکہ بار ایسوسی ایشن کے اراکین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری اور سخت کاورائی کا مطالبہ کیا ہے۔