وحدت نیوز (مظفرآباد /اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر الیکشن 2016 ء میں بھرپور حصہ لے گی، تیاریاں شروع ، ڈور ٹو ڈور جائیں گے ، جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، مظفرآباد وحدت سیکرٹریٹ میں پولیٹیکل کونسل کے اجلاس میں فیصلہ ، بعد ازاں پولیٹکل کونسل کے اراکین نے اسلام آبامرکزی سیکرٹریٹ میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی انچارج امور سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی سے ملاقات کی ، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ،ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ کے علاوہ پولیٹیکل کونسل کے ذمہ داران بھی کثیر تعداد میں شامل تھے، اس موقع پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ محروموں و مظلوموں کے لیے میدان میں اتریں گے ، مقصد اقتدار نہیں اقدار ہیں ، دھونس دھاندلی کے انتخابات قبول نہیں کریں گے ، مجلس وحدت مسلمین پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ثابت ہو گی ، کشمیر مظلوم و محروم خطہ ہے ، انشاء اللہ کشمیر کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے عملی جدوجہد کریں گے ، صحت ،تعلیم ،روزگار، بجلی ان تمام مسائل کے حوالے سے عملی جدوجہد کریں گے ۔
مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا کہ ہمارا مقصد اتحاد امت ہے، کشمیر کے پرامن خطے میں پرامن لوگ رہتے ہیں ، آزاد کشمیر کو ماڈل ریاست بنایا جانا چاہیے ، مجلس وحدت مسلمین انتخابی دنگل میں حصول اقتدار کے لیے نہیں بلکہ خدمت خلق کے لیے اترے گی ، ہم متوسط طبقات کی بھرپور نمائندگی کریں گے، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم اس نعرے و مشن کو آگے لیکر بڑھیں گے ، کہ ’’ وحدت کا یہ نعرہ ہے ہر مظلوم ہمارا ہے‘‘ باشعور عوام ساتھ دیں ، خطہ کشمیر میں مہذب سیاست متعارف کروائیں گے ، کارکن تیاریاں شروع کریں ، پیغام وحدت گھر گھر پہنچانا ہے ، مسئلہ کشمیر ہمارے پیش نظر ،جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں گے ، ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جلد تمام اضلاع کا دورہ کر کے تیاریوں کو حتمی شکل دیں ، مرکزی قیادت بھی ہمارے ساتھ ہے ، گھر گھر جائیں گے ، پیغام امن ، پیغام وحدت ، پیغام خدمت پہنچانا ہے ، جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، بلا تفریق مذہب و مسلک جدوجہد کریں گے ، محروم کا تعلق چاہے کسی بھی قوم ، کسی بھی مسلک ، کسی بھی ذات سے ہو ہم اس کے ساتھی بنیں گے ، اس کی آواز بنیں گے ، انشاء اللہ کشمیری عوام آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے گی ۔