وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے گلگت بلتستان کا انتظامی ڈھانچہ انتہائی نامناسب اور ظلم پر مبنی ہے، صحیح طریقے سے انتظامی امور کو چلانے کے لئے انصاف کی بنیادوں پر انتظامی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں روندو بہت بڑا علاقہ ہے، جو جی بی میں موجود کئی اضلاع سے رقبے میں بڑا ہے، لیکن اسے ضلع کا دریا نہ دیا جانا ظلم ہے، اس کو فوری طور پر ضلع بنایا جائے اور برابری کی سیاست کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت ریجن میں 6 اور بلتستان ریجن میں صرف 4 اضلاع ہیں، روندو کو ضلع بنایا گیا تو کسی حد تک انصاف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شگر، کھرمنگ اضلاع کا قیام مستحسن اقدام ہے، ہم حکومت کے اچھے کاموں کی حمایت کرتے ہیں، کبھی بھی تنقید برائے تنقید کی سیاست نہیں کی۔ روندو کو بھی ضلع بنایا گیا تو ہم سمجھیں گے کہ حکومت نے واقعی انصاف سے کام لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور پنجاب میں ہمارے کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہم نے بار بار کہا کہ ایسا نہ کیا جائے، مگر لیگی حکومت انتقام کی سیاست کر رہی ہے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ہمارے کارکنوں کو کوئی تنگ نہیں کیا جا رہا ہے، پنجاب اور گلگت بلتستان میں کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہمارے کئی کارکن اور رہنماء گرفتار کئے گئے ہیں، اگر گرفتار شدگان کو رہا نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی میں نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جو ظلم ہے، نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔