وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پانچ روز تک مقامی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج گھر منتقل ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری 13 مئی سے ملک میں جاری دہشت گردی، انتہا پسندی اور شیعہ قتل عام کے خلاف بھوک ھڑتال پر ہیں۔ پانچ روز قبل انہیں ہائی شوگر اور کڈنی انفیکشن کے سبب اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹر کے مطابق، آج طبعیت بہتر ہونے پر انہیں گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ھڑتال کے اکثر مطالبات منظور ہونے اور ان پر عمل درآمد شروع ہونے ہر آج مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کابینہ اور شوری عالیٰ سمیت دیگر قومی اداروں سے مشاورت کے بعد بھوک ھڑتال کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ ملک کی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات، بزرگ علماء کرام و خانوادہ شہداء علامہ راجہ ناصر سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی متواتر درخواست کرچکے ہیں لیکن انہوں نے مطالبات پر عمل درآمد کے آغاز سے بھوک ہڑتال کے خاتمے کو مشروط کیا تھا۔ اب جبکہ مطالبات پر تقریباً عمل درآمد شروع ہو گیا ہے تو امکان ہے کہ کل برسی شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے موقع پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کریں۔