وحدت نیوز(اسلام آباد) شہید قائد عارف حسین الحسینی کی 28ویں برسی کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام”تحفظ پاکستان کانفرنس“کا انعقادجناح ایونیو پر ہوا جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں اور شیعہ سنی افراد نے شرکت کی۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے علامہ عارف حسینی کی قومی خدمات اور بصیرت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا شہید قائد نے بکھری قوم کو یکجا کر ایک مضبوط ملت بنا دیا۔علامہ ناصر عباس اپنے اُس شہید قائد کی راہ پر گامزن ہیں جس نے کسی آمر کواپنی راہ کی دیوار نہیں بننے دیا۔موجودہ حکمران یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ اس حسینی قوم کو طاقت کے بل بوتے پر دبانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔وطن عزیز میں طاغوت و استکبار اور نجدی قوتوں کے ایجنڈے کو پنپنے نہیں دیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ مختلف مراجع عظام اور ملک کے نامور سیاستدانوں نے ان سے بھوک ہڑتال کے خاتمے کی اپیل کی ہے۔ آج شرکا کی طرف سے بھی میں اس کی تائید کرتے ہوئے علامہ ناصر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شہید قائد کی برسی کے موقعہ پر بھوک ہڑتال کے خاتمے کا اعلان کر کے قوم کے اضطراب کو تسکین میں بدل دیں۔