وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجا ناصر عباس جعفری اپنے دو روزہ خصوصی دورہ پر ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں داخل ہوچکے ہیں۔ سیدعلیاں کے مقام پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان کی آمد کے موقع پر اہل تشیع نوجوان انتہائی پرجوش ہیں، اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک موٹرسائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا، جو کہ امام بارگاہ یلہ شاہ سے برآمد ہوکر ڈیرہ سٹی کے مختلف علاقوں سے گزر کر امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کا مقصد شہریوں میں قائد وحدت کے دورے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عدم تعاون کے باوجود ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سینکڑوں نوجوان بوقت دو بجے سی آر بی سی چوک پر علامہ راجا ناصر عباس کا موٹر سائیکل ریلی کی صورت میں استقبال کریں گے اور جلوس کی صورت میں پنڈال تک تشریف لائینگے۔
جلسہ گاہ کے پنڈال میں انتظامات تیزی سے جاری ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے حوالے سے عدم تعاون کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ جلسہ گاہ کے پنڈال کے باہر صفائی کی ناقص صورتحال ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ چڑا رہی ہے۔ واضح رہے کہ شہید سید شاہد عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے چہلم اور شہدائے ڈیرہ (سول ہسپتال بم دھماکہ) کی برسی کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم ڈیرہ کے زیراہتمام مجلس و جلسہ کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس کا آغاز بعد از نماز جمعہ ہوگا۔