وحدت نیوز(ڈی آئی خان) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل و قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ چکے ہیں۔ کوٹلی امام حسین (ع) میں چہلم سید شاہد شیرازی اور برسی شہدائے ڈیرہ (ہسپتال بم دھماکہ) کی مناسبت سے جلسہ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، ہزاروں افراد جلسہ گاہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کے خطاب کے منتظر ہیں۔ قبل ازیں سینکڑوں موٹرسائکلیوں و گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں نے خیر مقدمی بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ جلسہ گاہ میں خواتین کیلئے الگ حصہ مختص کیا گیا ہے۔ کوٹلی امام حسین (ع) کا مرکزی پنڈال (گنج شہیداں) سرزمین شہداء کے باوفا باسیوں سے بھر چکا ہے۔ پرجوش شرکاء کے جم غفیر سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ پورا شہر قائد وحدت کی ایک جھلک پانے کو کوٹلی امام (ع) میں امڈ آیا ہے۔ ذاکرین کے بعد باقاعدہ خطابات کا سلسلہ شروع ہے اور کچھ ہی دیر میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے فرزند علی حسین الحسینی کا خطاب متوقع ہے۔