وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پولیس ٹریننگ سینٹرکوئٹہ پر ملک دشمن سفاک تکفیری دہشت گردوں کے حملے پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ریاست اور اس کے مقتدرادارے تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں عوام اورسکیورٹی اہلکاروں کے قتل عام پر تماش بین کا کردار ترک کریں ، پاکستان مزید اس خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایک مخصوص منحوس تکفیری سوچ ایک وطن کے استحکام اور استقلال کی دشمن بنی ہوئی ہے ،ریاستی ادارے نیشنل ایکشن پلان کو اس ملک کے اصل دشمنوں کے خلاف استعمال کرنے میں آج تک ناکام نظر آتے ہیں ، اس وطن میں جو آگ شیعہ سنی معتدل پاکستانیوں کے گھروں میں لگائی گئی آج سکیورٹی اداروں سمیت پورا ملک اس میں جھلس رہاہے ، سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹرمیں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور ریاستی اداروں سے مجرموں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزاکا مطالبہ کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ملک دشمن اندرونی وبیرونی قوتیں پاکستان کی ترقی وخوثحالی کی بھی مکمل مخالف ہیں ، سانحہ سول اسپتال کوئٹہ، سانحہ آرمی پبلک اسکول، سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا ایک ہدف پاک چین اقتصادی راہداری کی ناکامی بھی ہے لہذٰا ریاستی اداروں کے پاس ان ملک دشمن عناصرکے خلاف فیصلہ کن اقدام کا یہ آخری موقع ہے ، نیشنل ایکشن پلان کو محب وطن جماعتوں اور شخصیات کے خلاف بطور سیاسی ہتھیار استعمال کرنے بجائے عوام اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف استعمال کیا جائے ۔