وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ماہ مبارک ربیع الاول اور جشن عید میلاد النبی ﷺکی تقریبات کے آغاز کےموقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے امت مسلمہ کے نام جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ ملت پاکستان شدید خطرات اور چلنجز کے باوجود تاریخی عظیم جشن میلاد النبی ﷺ میں شرکت کریگی بیدار سنی شیعہ مسلمان عشق رسول اکرم ﷺ کو والہانہ طور پر منائیں ، دشمنان دین ، ملک و ملت کی تمام تر سازشیں اور سرمایہ کاری کو خاک میں مل جائے گی ان شاءاللہ ، شیعہ سنی وحدت کا آغاز یکم محرم الحرام سے ہو چکا ہے ۔محرم صفر اور ربیع الاول سال کے پہلے تین ماہ عملی وحدت کے ہیں اور ہم نے دیکھا کہ جس طرح برادران اہلسنت نے گذشتہ دو ماہ میں اتحاد کا ثبوت دیا ہے ۔اسی طرح ہم بھی اس ماہ ربیع الاول میں اہلسنت بھائیوں کے ہمراہ محافل میلاد میں شرکت فرمائیں گے، عملی وحدت کا مظاہرہ کریں گے ،بفرمان امام خمینی ؒ 12تا 17ربیع الاول ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایم ڈبلیوایم کے کارکنان ملک بھر میں جلوس ہائے میلاد النبیﷺمیں استقبالیہ کیمپوں اور سبیلیوں کا اہتمام کریں گےاور اہلسنت برادران کے ہمراہ آقائے دو جہاں ﷺ کی ولادت کا جشن مل کر منائیں گے،خدا نے چاہا تووطن عزیز میں شیعہ سنی بھائی چارگی اور وحدت کے ثمرات سے پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل سے نجات حاصل ہو گی۔
ان کاکہنا تھا کہ امید ہے ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس بخیر وعافیت اختتام پذیر ہونگے ، شدید خطرات کے باوجود ملک بھر میں سنی شیعہ عوام عشق رسول خداﷺ سے سرشار ہوکر جلوس میلاد النبی میں شرکت کریں گے ،ہمیشہ ملت جعفریہ کی عید میلاد النبیﷺ کے اجتماعات میں ،شرکت غیر معمولی رہی ہے ، اور اہل تشیع برادری گذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلے گی اور عملی طور پر جلوس ہائے میلاد النبی ﷺ میں اپنے اہل سنت بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئے گی ، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل اور دیگر اہلسنت جماعتوں نے جس محبت ، اخوت اور وحدت کے صفر کا آغاز کیا ہے آج ملک بھر میں اسکی عملی تصویر ملاحظہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو بچانے کے لئے اسے بنانے والی قوتیں یعنی اہل سنت و اہل تشیع کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں آپس کے اتحاد اور سیرت نبی کریم ﷺ پر عمل پیرا ہو کر دین مبین کی ترویج، دفاع ، سربلندی اور ملکی سلامتی کے لئے اپنا قومی کرار ادا کرنا ہو گا، پاکستان کو دہشت گردی اور لاقانونیت سے نجات دلانا تمام عاشقان و پیروان مصطفیٰ ﷺ کی دینی وشرعی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کی خدمت بھی ہے ۔ ہم سب ایک تھے ایک رہیں گے اور ملکر وطن عزیز کا دفاع کریں گے ۔ان شاء اللہ۔