وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی ترقی و استحکام اور دفاع کے لیے پاک فوج کے جرات مندانہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج نے پیشہ وارانہ طرز عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے ضرب عضب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے اب اس کے ثمرات حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو پورے عزم کے ساتھ فیصلہ کن نتائج کی طرف مزید تیزی سے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پاک چائنا اکنامک کوریڈور کی تکمیل کے لیے پورے ملک کی نظریں نئے آرمی چیف کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ملکی ترقی و استحکام کے لیے ان دونوں اہداف کو سر کرنا ہو گا۔وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحال پاکستان کے لیے سی پیک کے منصوبے کو جتنی جلد ممکن ہو پایہ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہیے۔بھارت سمیت مختلف عالمی طاقتیں اس منصوبے کی اس لیے مخالفت کر رہی ہیں کہ وہ ارض پاک کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتیں۔ان کے مذموم ارادوں کو ملکی ترقی کی راہ کی دیوار نہ بننے دیا جائے۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور سی پیک کی فوری تعمیر کے لیے پوری قوم اور تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں کا یکساں موقف ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے آرمی چیف ملک کے تمام حصوں میں کالعدم جماعتوں کے خلاف بھرپور اور موثر کاروائی کا حکم دیں گے تاکہ ان عناصر کا انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے جن کے ہاتھ عام شہریوں اور پاک فوجی کے جوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔