وحدت نیوز (اسلام آباد /راولپنڈی /کراچی /کوئٹہ /مظفر آباد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پاکستان کے چاروں صوبوں ، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں ، دیہاتوں میں جشن عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر استقبالیہ کیمپ، چائے اور پانی کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا، ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے جلوس میلاد النبی ص میں شریک اہل سنت بھائیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، ایم ڈبلیوایم کے تحت ملک بھر میں قائم میلاد کیمپوں میں نعت خواں حضرات نے بارگاہ نبوت میں نذرانہ عقیدت پیش کیئے جبکہ شیعہ سنی علمائے کرام نے سیرت رسول اکرم ﷺ پر روشنی ڈالی۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے خصوصی طور پر راولپنڈی کے میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی اور تادیر ایم ڈبلیوایم ضلع راولپنڈی کے تحت قائم میلاد کیمپ میں نعت خوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ اس موقع پر اہلسنت کے بزرگ علماء نے شان اہلبیت اور امام حسین ع کی شان میں اشعار پڑھے۔ راولپنڈی کی قدآور سیاسی شخصیت او ر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملنے کیلئے ایم ڈبلیو ایم کے میلاد کیمپ میں تشریف لائے۔ بعد ازاں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھی شیخ رشید احمد کی جانب سے لگائے گئے میلاد کیمپ میں تشریف لے گئے اور عاشقان رسول ص سے خطاب بھی کیا۔
دن بھر جلوس میں نبی نبی (ع) اور علی علی (ع) ہر طرف ہوتا رہا شان رسالت ص اور شان اہلبیت ع منقبت اور نعتیں پڑھی جاتی رہیں ایم ڈبلیو ایم کے کیمپ پر اکثریت نے رسول اللہ ص کی مدح سرائی کے ساتھ ساتھ شان اہلبیت میں بھی قصیدے پڑھے کیمپ میں موجود علامہ سید علی اکبر کاظمی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی ، علامہ سید اعوان علی شاہ ، علامہ غلام محمد عابدی، علامہ ظہیر سبزواری نعت خوانوں کی حوصلہ افزائی بھرپور طریقے سے کرتے رہے اور شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ شرکاء میلاد لبیک یا رسول اللہ ص لبیک یا حبیب اللہ ص کے ساتھ ساتھ لبیک یا حسین ع کے نعرے بھی لگاتے رہے اور شیعہ سنی بھائی بھائی کا نعرہ بھی لگایا۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں ایک سنی برادر اقرار نے کیمپ میں بتایا کہ انکے کے گھر سے 10 محرم الحرام کو علم عباس ع برآمد ہوتا ہے اور قدیمی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایم ڈبلیوایم کے تحت آبپارہ چوک پر جلوس میلاد النبی ص کےاستقبال کے لیئے کیمپ اور سبیل کا اہتمام کیا گیا، جہاں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری اور ملک اقرار حسین دیگر کارکنان کے ہمراہ شرکائے جلوس کے استقبال کے لئے خصوصی طور پر موجود تھے، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے شیعہ سنی شرکائے جلوس کی گرما گرم چکن کارن سوپ سے تواضع بھی گئی،
مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے چھ اضلاع میں درجنوں مقامات پر شرکائے جلوس عید میلاد النبی ﷺ کے استقبال کیلئے کیمپ اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا، ضلع ملیر میں نادعلی اسکوائر، جناح اسکوائر ، کھوکراپار، گلشن حدید میں سبیلوں اور استقبالیہ کیمپوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ جوگی موڑ یونٹ کے تحت مین نیشنل ہائی وے سے امام بارگاہ شاہ نجف تک میلاد ریلی بھی نکالی گئی جس میں شیعہ سنی علمائے کرام نےبالخصوص مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا رحمت علی سولنگی،مولانا منصور روحانی، مولانا انصاف حیدری اور ایم ڈبلیوایم رہنما میر تقی ظفر نے خطاب کیا، اس موقع پر شیعہ سنی عوام کی بڑی تعداد شریک تھی، ایم ڈبلیوایم کھوکراپار یونٹ کے تحت شرکائے جلوس میلاد النبی ﷺ کی خدمت میں نیاز بھی پیش گئی، جبکہ ایم ڈبلیوایم جعفرطیار یونٹ کے تحت جناح اسکوائر پر عاشق رسول ﷺ امجد صابری اور شہید ناموس رسالت ﷺ سید علی رضا تقوی کی یاد میں چراغاں کیا گیااور شرکائے جلوس میلاد کی چائے سے تواضع بھی کی گئی۔ایم ڈبلیوایم ضلع وسطی کے تحت سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، گلشن معمار،گلبرگ، عائشہ منزل اور دیگر مقامات پر بھی سبیلیں اور استقبالیہ کیمپ لگائے گئے، ایم ڈبلیوایم ضلع غربی کے تحت صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار کے سامنے سبیل کا اہتمام کیا گیا جہاں گرما گرم سوپ سے شرکائے جلوس کی تواضع کی گئی، ایم ڈبلیوایم ضلع کورنگی کے تحت امام بارگاہ عزا خانہ صغریٰ کے نزدیک مرکزی سبیل اور کیمپ لگایا گیا جہاں شیعہ سنی علمائے کرام نے خطاب کیا جبکہ شربت اور پانی سے شرکائے جلوس کی تواضع کی گئی۔
ملتان میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ، جیل موڑ چوک اور چوک شاہ عباس پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔ ملتان کے مرکزی استقبالیہ کیمپ میں مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی، ممبر قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری، علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، چیئرمین سرائیکستان نوجوان تحریک مظہر عباس کات، علامہ طاہر عباس نقوی، مولانا عمران ظفر، مولانا سلمان محمدی، مولانا ممتاز حسین ساجدی، مولانا علی حسین نقوی، مولانا علی رضا، سید دلاور عباس زیدی، سید وسیم عباس زیدی، ملک شجر عباس کھوکھر، ملک ثمر عباس کھوکھر اور دیگر برادران نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میلادالنبی (ص) کے جلوسوں کے شرکاء پر گل پاشی کی گئی اور عاشقان رسول کا شاندار استقبال کیا گیا۔
دومیل تا چکوٹھی لبیک یا رسولؐ اللہ ریلی ، مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ہٹیاں بالا کی جانب سے استقبالیہ کیمپ ، قائدین کا آمد پر پرتپاک استقبال ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق ریلی کے قائدین سیکرٹری جنرل مجلس وحد ت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی ، ممبر آزاد کشمیر اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری ، صدر مرکزی سیرت کمیٹی ہٹیاں بالا قاضی محمد ابراہیم چشتی جب کیمپ کچھا سیداں پہنچے تو مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ہٹیاں بالا کے رہنما سید ظہور حسین نقوی کی قیادت میں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا ۔ قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ فضا لبیک یا رسول ؐ اللہ لبیک یا حسین ؑ کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا کہ ہمارے نبی رسول ؐ امن تھے ۔ ہم نے اتحاد بین المسلمین کے ذریعے مشترکہ دشمن تکفیریوں کو شکست دے دی ۔ ممبر اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے بھرپور محبت سے شرکائے ریلی کا استقبال کیا ۔ اتحاد بین المسلمین ہی وہ نسخہ ہے کہ جس سے ہم بڑے سے بڑے دشمن کو زیر کر سکتے ہیں ۔ یقینا اہلبیت کو ماننے والے جوڑنے کی بات کرتے ہیں توڑنے کا سوچ ہی نہیں سکتے ۔ قاضی محمد ابراہیم چشتی نے کہا کہ علامہ تصور جوادی کی مخلصانہ کوششوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم نے فرقہ واریت کی لعنت کو ختم کر دیا ۔ ہم نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر بتا دیا ہم کل بھی ایک تھے ۔ آج بھی ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گے ۔