وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام لبیک یارسول اللہۖ کانفرنس باغ مصطفیٰﷺ لطیف آبادنمبر8 حیدر آباد میں منعقد ہوئی۔ جس میں سندھ بھر سے ایم ڈبلیو ایم کے ہزاروں کارکنوں اور شیعہ سنی افراد کے علاوہ مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔شیعہ ، سنی اور مسیحی قائدین نے مل کر حضرت عیسیٰ ؑکی ولادت کا کیک کاٹا،قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے پاکستان کی بحالی کی مشترکہ جدوجہدکے عزم کااعلان بھی کیا،حیدر آباد کی تاریخ کے فقید المثال اجتماع میں شیعہ ،سنی اور مسیحی قائدین اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت،اتحاد بین المذاہب کا بھی شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جلسہ اور اس کے چاروں طرف قومی، تنظیمی اور میلاد النبیﷺکے ہزاروں پرچموں کی بہار تھی، حیدرآباد اور گرد ونواح کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواتین اور مرد کارکنان اور عوام ہزاروں کی تعداد میں قافلوں کی صورت میں پنڈال میں داخل ہوئے تو سماءہی بدل گیا،قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جلسہ گام آمد پر پوری فضاءلبیک یا رسول اللہ ﷺ، لبیک یاحسین ؑ، راجہ ناصرعباس قدم بڑھائوہم تمہارے ساتھ ہیں،حق کا ناصر سچ کا ناصر ۔۔۔راجہ ناصرراجہ ناصرکے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، کارکنان نے اپنے ہر دل عزیز رہنماپر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں ۔کانفرنس سےمقررین نے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی،مذہبی و لسانی تعصب ،انتہاپسندی،عدم رواداری اور تکفیریت کو وطن عزیز کی سالمیت و استحکام کے خلاف زہر قاتل اور سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا کہ قومی وحدت کی جڑیں کمزور کرنے میں ان عوامل کا بنیادی کردار ہے۔کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا،چرچ آف پاکستان کے مرکزی صدر و نامور مسیحی رہنما فادر ڈینئل فیاض،علامہ حیدر علی جوادی ، اصغریہ آرگنائزیشن کے صدر فضل حسین اصغری،پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ مرزا یوسف حسین، جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات تاج محمد ناحیو ،قومی عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری محمد انور سومرو،تحریک منہاج القرآن کے رہنما مسعودجمال قادری ، آل پاکستان مسلم لیگ،جعفریہ الائنس پاکستان ،انجمن نوجوانان اسلام اور مرکزی تنظیم عزاکے رہنماوں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے رہنما ئوں نے اپنے خطابات میں اتحاد و اخوت کی ضرورت پر زور دیا۔جلسے میں تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری نجف علی بنگش نے حاصل کی،جبکہ بارگاہ رسالت ﷺ میں نعت ومنقبت ساجد علی ہاشمی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ انقلابی نوحہ ومنقبت خواں سید علی صفدررضوی نے پیش کی اور ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ آفتاب علی میرانی اور کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن نے نظامت کت فرائض انجام دیئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلا ن کے نام پر دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ملک کی محب وطن مذہبی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی کی حکومتی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ اس ملک کی بقا نظام مصطفے ۖ میں مضمر ہے جس کے لیے شیعہ سنی مسالک ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔ مسیحی رہنما فادر ڈینئل فیاض نے کہا کہ ہم سب ملک کر تکفیریت کے خلاف صف آرا ہو سکتے ہیں ۔آج کے دن ہمیں اس عزم کا عہد کرنا ہو گا۔انہوں نے حضرت عیسی علیہ السلام اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت کے موقعہ پرمسیحی برادری اور مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ لبیک یارسول اللہ ۖ کانفرنس شیعہ سنی اخوت واتحاد کی مظہر اور تکفیری طاقتوں سے بیزاری و نفرت کا اظہار ہے۔اس مثالی اجتماع میں ہمیں تجدید عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیز کی بقا و سالمیت کے لیے تکفیری گروہوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔کانفرنس میں علامہ حیدر علی جوادی،جانی شاہ،تاج محمد نائیو،علیم حیدر تقوی،علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ مرزا یوسف حسین ،مولانا غلام حر شبیری،علامہ مختار امامی،علامہ مقصود علی ڈومکی،علامہ دوست علی سعیدی،علامہ باقر عباس زیدی،علامہ نشان حیدر ساجدی،علامہ مبشر حسن ،علامہ علی انور،علامہ احسان دانش،علی حسین نقوی،علامہ محمد نقی حیدری،یعقوب حسینی ،آفتاب میرانی،الفت عالم کربلائی،فدا حسین شاہ،فرمان شاہ،قاسم جعفری اورفضل حسین اصغری ، رحمٰن رضا ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر مذہبی وسماجی رہنما موجود تھے۔