وحدت نیوز (کراچی) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سیدحسن ظفر نقوی نے گذشتہ دنوں کراچی میں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے شہید ذوالفقار حیدراور شہیدقاری کاظم رضا کے اہل خانہ سے ان کے گھرجاکر ملاقات اور تعزیت کی ، اس موقع پرصوبائی سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی ، کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا صادق جعفری ،سبط اصغر، صوبائی رہنماء ناصر حسینی و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مولانا حسن ظفر نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو ہے شہداء ہمارا افتخار ہیں ہم خانوادہ شہداء کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور پاکستان کو مسلکی پاکستان بنانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے تکفیریت کے مقدر میں ذلت و رسوائی اور شکست لکھ دی گئی ہے انشاء اللہ پاکستان تمام چیلنجز سے سرخرو ہوکراور سنی شیعہ وحدت کا مظہر ایک مضبوط ملک بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرےگا۔علی حسین نقوی نے شہید کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہید کو آئین اور قانون سے انصاف دلانے کے لیئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی اور شہداء کے قاتلوں کو سزا دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔